افغانستان میں طالبان حکام نے جنوبی صوبے قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد نشر کرنے سے روک دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2 ریڈیو براڈکاسٹرز اور صوبائی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ محکمۂ اطلاعات و ثقافت نے ہفتے کو ریڈیو اسٹیشنز کو ہدایت جاری کی کہ کرکٹ سے متعلق کوئی مواد نشر نہ کیا جائے۔
محکمۂ اطلاعات و ثقافت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کرکٹ کی کوریج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس میں میچوں کی کمنٹری، خبریں اور ٹیموں کی جیت سے متعلق رپورٹس بھی شامل ہیں۔
مقامی ریڈیو اسٹیشن کے سربراہ نے بتایا ہے کہ محکمۂ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے فون کر کے ہدایت کی گئی ہے کہ اب ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کی جا سکتی۔
ایک دوسرے ریڈیو اسٹیشن کے منتظم نے بھی پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام نے فون پر بتایا ہے کہ فی الحال کرکٹ سے متعلق ہر قسم کا مواد نشر کرنے پر پابندی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے پر فوری طور پر مؤقف نہیں دیا۔
واضح رہے کہ طالبان حکام نے افغانستان میں بعض کھیلوں پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جن میں مکسڈ مارشل آرٹس بھی شامل ہے، تاہم مردوں اور لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے۔
دوسری جانب خواتین اور لڑکیوں پر کھیلوں کی سرگرمیوں اور جم جانے پر پابندی ہے، جبکہ ان کی عوامی زندگی میں شرکت بھی سخت محدود کر دی گئی ہے۔
افغانستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم اس وقت متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔
افغانستان میں طالبان حکام نے جنوبی صوبے قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد نشر کرنے سے روک دیا۔...
Source: Admin