گنگٹوک، 30 اکتوبر : سکم کے بلند پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری کے باعث مشرقی سکم میں واقع مشہور ناتھولا درّے کی جانب سیاحوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے ۔ حفاظتی نقطئہ نظر سے حکام نے فی الحال سیاحوں کے وہاں جانے پر عارضی پابندی عائد کردی ہے ۔ تاہم، تسومگو جھیل اور نیو بابا مندر سیاحوں کے لیے کھلے ہیں، جہاں دیگر مقبول سیاحتی مقامات کی سیر کی جاسکتی ہے ۔
بدھ کی رات شروع ہونے والی شدید برف باری جمعرات کی صبح تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں ناتھولا جانے والی سڑک پر برف کی موٹی تہہ جم گئی۔ سڑک پر بڑی مقدار میں برف جمع ہونے کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر سیاحوں کی گاڑیوں کو آگے جانے سے روک دیا گیا ہے ۔
برف باری کے بعد پورے علاقے کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور مشرقی سکم کے بالائی علاقوں میں شدید سردی شروع ہوگئی ہے ۔ اس کے اثرات ہمالیہ کے دامن میں واقع سلی گوڑی تک محسوس کیے گئے ہیں۔
دریں اثنا، نیشنل ہائی وے اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ نے سڑک کی ہنگامی مرمت اور ٹریفک کی آمد و رفت کو معمول پر رکھنے کے لیے 29 اکتوبر سے 4 نومبر تک قومی شاہراہ 10 پر رنگپو اور رانی پول کے درمیان رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
اس دوران ہلکی گاڑیوں کو دُگا-پینڈم-سنگتم اور مامرنگ-نامتھنگ-سنگتم-گنگٹوک کے راستوں سے گزارا جائے گا۔ متبادل طور پر تمام زمروں کی گاڑیاں رنگپو-روراتھنگ-پاکیونگ-گنگٹوک راستہ بھی استعمال کرسکتی ہیں۔
ادھر، شمالی سکم کے منگن ضلع کے اپر جونگو میں فورتھ مائل کے قریب جمعہ کو ایک اور افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں چٹانیں اور درخت گرنے کی زد میں آکر دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین کی شناخت اپر جونگو کے رہنے والے کالزنگ لیپچا اور لاکپا لیپچا کے طور پر کی گئی ہے ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں سوار ترمت لیپچا نامی شخص زخمی ہوگیا، جسے علاج کے لیے منگن ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔
حادثے اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر منگن پولیس نے یکم نومبر 2026 سے رنگ رنگ-منگن بازار سڑک پر بھاری اور درمیانی درجے کی مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
گنگٹوک، 30 اکتوبر : سکم کے بلند پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری کے باعث مشرقی سکم میں واقع مشہور ناتھولا درّے کی جانب سیاحوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے ۔ حفاظتی نقطئہ نظر سے حکام نے...
Source: Admin