International

ٹیکساس میں بدترین سیلاب، 70 افراد ہلاک، کیر کاؤنٹی سب سے زیادہ متاثر

ٹیکساس میں بدترین سیلاب، 70 افراد ہلاک، کیر کاؤنٹی سب سے زیادہ متاثر

امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک اور تباہ کن سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 70 کے قریب پہنچ گئی۔ سب سے زیادہ نقصان کیر کاؤنٹی میں ہوا ہے، جہاں 38 بالغ افراد اور 21 بچے جاں بحق ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں وہ بچے بھی شامل ہیں جو گواڈیلوپ دریا کے کنارے کیمپنگ کر رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں، ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹر، کشتیوں اور ڈرونز کی مدد سے متاثرہ علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ریاست کے گورنر گریگ ایبٹ نے اتوار کو یومِ دعا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر کے عوام ان جانوں کے لیے دعا کریں جو ہم کھو چکے، جو لاپتہ ہیں اور ان اہلکاروں کے لیے جو فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سیلابی ریلا جمعے کی صبح طلوعِ آفتاب سے پہلے صرف 45 منٹ میں گواڈیلوپ دریا میں 26 فٹ تک بلند ہوا، جس نے درجنوں گھروں اور گاڑیوں کو بہا دیا۔ متاثرہ علاقوں میں ٹریوس، برنیٹ اور کنڈال کاؤنٹیز سے بھی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سیلاب کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سینکڑوں کیمپرز جو نوجوانوں کے مشہور کیمپس میں موجود تھے، اچانک رات کے اندھیرے میں طوفان کی زد میں آ گئے۔ ایک 13 سالہ لڑکی ایلینور لیسٹر نے بتایا کہ ہمارا کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، ہیلی کاپٹر اترا اور ہمیں نکالا گیا، یہ لمحے بہت خوفناک تھے۔ متاثرہ خاندانوں کی جانب سے لاپتہ افراد کی تصاویر اور دعائیں سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔ حکام پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا سیلاب سے پہلے لوگوں کو مناسب وارننگ دی گئی تھی یا نہیں، خاص طور پر اُن علاقوں میں جہاں ہر سال سیلاب کا خطرہ رہتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تلاش جاری رہے گی جب تک ہر لاپتہ شخص تک رسائی ممکن نہ ہو جائے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments