Akhbar-e-Mashriq

Akhbar-e-Mashriq

Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata ♦ Delhi ♦ Ranchi ♦ Lucknow ♦ Bhopal ♦ Srinagar ♦ Siliguri ♦ Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS
International

امریکہ کا چین اور انڈیا سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات کا اعلان

Admin
By Admin
Nov 26, 2026
Listen to Article Audio Narration
Loading narration audio... Playing • Tap to pause Tap play to listen to this story

Your Reaction

{{ voteMessage }}

{{ currentVoteCount }} Responses

امریکہ کا چین اور انڈیا سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات کا اعلان
امریکہ کا چین اور انڈیا سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات کا اعلان — November 26, 2026
امریکہ نے چین، انڈیا اور یورپی یونین سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ محصولات مختلف صنعتی شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداوار اور اضافی پیداواری صلاحیت سے متعلق سیکشن 301 کی تحقیقات کے بعد عائد کیے جا رہے ہیں۔

اس تحقیق میں انڈیا کے علاوہ چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویتنام، تائیوان، بنگلہ دیش اور جاپان شامل ہیں۔

مختلف ممالک اور مختلف مصنوعات پر مختلف شرحوں سے محصولات عائد کیے جائیں گے۔

چین کو سب سے زیادہ، یعنی 40 فیصد تک محصولات کا سامنا ہو گا۔ اس کے بعد ویتنام پر 35 فیصد تک محصولات عائد کیے جائیں گے، جبکہ دیگر ممالک کو 20 یا 25 فیصد تک محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کچھ ممالک پر 25 فیصد تک محصولات عائد ہوں گے، جن میں تھائی لینڈ اور انڈیا شامل ہیں۔ جاپان سمیت دیگر ممالک کو 20 فیصد تک محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برطانیہ اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔

تاہم ان میں سے بعض محصولات کی شرحیں درحقیقت کم ہو جائیں گی کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی بعض ممالک کے ساتھ محصولات کی حد مقرر کرنے پر اتفاق کر چکے ہیں۔

ان محصولات کا کیا مقصد ہے؟

امریکہ کے تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے کہا کہ نئے محصولات ’امریکی ورکرز کے لیے مواقع کو مساوی بنائیں گے اور عالمی معیشت کے لیے ایک نئے اور زیادہ پائیدار راستے کا تعین کریں گے۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کے بہت سے تجارتی شراکت داروں نے ’کئی دہائیوں‘ سے ایسی صنعتی حکمت عملیاں اپنائی ہیں جن میں ’مینوفیکچرنگ کو ہدف بنانا، اجرتوں اور محنت کشوں کو دبانا‘ اور ’دیگر ایسی پالیسیاں شامل ہیں جو منڈی کو مسخ کرتی ہیں، تجارتی توازن کو اپنے حق میں جھکاتی ہیں اور امریکہ کے صنعتی شعبے کو کمزور کرتی ہیں۔‘

تاہم ماہرینِ معاشیات نے خبردار کیا ہے کہ محصولات مہنگائی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں اور اگر کاروباری ادارے بڑھتی ہوئی لاگت صارفین پر منتقل کریں تو اشیا کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ عالمی تجارت کو بھی سست کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ اپنی دوسری مدتِ صدارت کے دوران بارہا محصولات عائد کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں یا انھیں نافذ کر چکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ پالیسی امریکہ کے صنعتی شعبے کو فروغ دے گی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔

وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کمزور کارکردگی کے باوجود صدر اپنی نمایاں تجارتی پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ٹرمپ امریکہ کے تجارتی خسارے کو بھی کم کرنا چاہتے ہیں، جو ان اشیا کی مالیت کے درمیان فرق ہے جو امریکہ دیگر ممالک سے خریدتا ہے اور ان اشیا کی مالیت جو وہ انھیں فروخت کرتا ہے۔

اس اعلان سے امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے۔ دنیا کی یہ دو بڑی معیشتیں اس وقت بھی تجارتی تنازع اور مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔

امریکہ اور چین جوابی محصولات کی ایک جنگ میں بھی الجھے ہوئے ہیں، جسے فی الحال روک دیا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتے ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے باوجود دونوں فریقوں نے تجارتی جنگ میں جنگ بندی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔ یہ جنگ بندی 10 جنوری کو ختم ہونے والی ہے۔

یورپی کمیشن نے نئے امریکی محصولات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی وجوہات کا جائزہ لے گا۔ کمیشن نے نشاندہی کی کہ محصولات کی شرح 15 فیصد کی اس حد تک محدود ہے جس پر پہلے ہی اتفاق کیا جا چکا تھا۔

امریکہ نے چین، انڈیا اور یورپی یونین سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے محصولات (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔...

Source: Admin
Trending Videos
Instagram
X (Twitter)
LinkedIn