راہل گاندھی نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں یہ بات کہی۔ اس کے ساتھ انہوں نے بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کی اوما مہیشور شکل کی تصویر بھی شیئر کی۔ ان کی یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ان کی والدہ اور کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی کتاب کی رسم اجرا کی تقریب کے دوران کیے گئے بعض تبصروں پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامی سوشل میڈیا پر تنقید کر رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’خوف، غصہ اور نفرت نے بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامیوں کے دلوں میں ایک ایسا جال بن دیا ہے جو انہیں محبت کا احساس کرنے اور اس کا اظہار کرنے سے روکتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ایک سچے ہندو کی حیثیت سے میرا فرض ہے کہ میں انہیں اس جال سے آزاد کراؤں، تاکہ وہ بھی اپنی زندگی میں محبت اور اپنائیت کی غیر معمولی خوب صورتی اور خوشی کا تجربہ کر سکیں۔‘‘ انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر ’ستیم، شیوم، سندرم‘ کے الفاظ بھی تحریر کیے۔
دوسری جانب کانگریس نے بھی اس معاملے پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی نے کہا کہ محبت کی بات سن کر بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامی مشتعل ہو رہے ہیں اور نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
کانگریس نے اپنے بیان میں شیو پاروتی اور لکشمی نرسمہا کی مذہبی تمثیلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سچا ہندو ان شکلوں کی پوجا کرتا ہے جہاں دیوی، دیوتا کی شریک حیات، ساتھی اور ان کے برابر ہوتی ہیں۔
پارٹی نے کہا کہ مذہب انسان کو محبت کا درس دیتا ہے اور بھگوان محبت کے علم بردار ہیں۔ کانگریس نے دعا کی کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے حامیوں کے دلوں میں بھی محبت کا جذبہ پیدا ہو اور وہ اس خوب صورت احساس کو سمجھ سکیں۔
کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے حامیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان ...