امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ انتخابی پیغامات کی کمزوری نے مڈ ٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو ملنے والی بڑی شکست میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ذاتی مقبولیت پارٹی کے امیدواروں کے حق میں منتقل نہ ہو سکی۔
سی بی ایس نیٹ ورک کے پروگرام "60 منٹس" کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے نائب جے ڈی وینس کے اس اندازے سے اختلاف نہیں کرتے کہ ایران کے خلاف جنگ شکست کی وجوہات میں سے ایک تھی، تاہم انہوں نے تہران کا مقابلہ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے زور دیا کہ انہوں نے ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکا، اور طویل مدتی بنیادوں پر یہ فیصلہ درست ثابت ہوگا۔
ایک نمایاں تبدیلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ انخلا (ڈپورٹیشن) کی پالیسی شاید "حد سے زیادہ سخت" تھی، ان کی انتظامیہ نے مجرموں اور منشیات کے تاجروں کو باہر نکالا، لیکن ایسے افراد کو بھی ملک بدر کر دیا گیا جو ہوٹلوں، صفائی کی خدمات اور لینڈ سکیپنگ جیسے شعبوں میں سالہا سال سے کام کر رہے تھے۔
انہوں نے ڈیموکریٹس کے ساتھ ایک ایسے معاہدے پر پہنچنے کے لیے آمادگی ظاہر کی جو کئی سالوں سے مقیم بعض تارکین وطن کو قانونی حیثیت فراہم کرے تاکہ وہ امریکہ میں رہ سکیں۔
ایرانی جنگ کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ عسکری کارروائیوں کو آگے بڑھانے کا کوئی جواز نہیں دیکھتے ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ایران کی ایٹمی صلاحیتیں ہزاروں ٹن چٹانوں کے نیچے دفن ہو چکی ہیں اور آبنائے ہرمز جہاز رانی کے لیے کھلی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کے دوران امریکہ نے جن ممالک کی حفاظت کی، وہ اس کے اخراجات برداشت کریں گے۔
یوکرین کے معاملے پر انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ قریب آ چکا ہے، جبکہ امن کی راہ میں رکاوٹ کی وجہ صدر ولادیمیر پیوٹن اور صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان کی دشمنی کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا یوکرین کے جغرافیائی حدود مختلف صورت میں ختم ہو سکتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ انتخابی پیغامات کی کمزوری نے مڈ ٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو ملنے والی ...
Source: Admin