بالی ووڈ کے ورسٹائل اور سینئر اداکار منوج باجپائی نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں سیکیورٹی کے موجودہ خطرات تشویشناک ہیں، ٹائیگر شروف پر حالیہ حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے بالی ووڈ میں انڈر ورلڈ کا خوف ایک بار پھر لوٹ رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اداکار ٹائیگر شروف پر ہونے والے حملے نے ایک بار پھر بالی ووڈ میں سیکیورٹی خطرات کو اجاگر کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد بالی ووڈ کی متعدد شخصیات نے اپنی سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں ہفتہ وار اتوار کے معمول کے مطابق مداحوں کیلئے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے ہاتھ ہلایا۔ 57 سالہ منوج باجپائی نے اس منظر کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
منوج باجپائی سے جب پوچھا گیا کہ کیا انہیں محسوس ہوتا ہے کہ بالی ووڈ میں پھر انڈر ورلڈ کا خوف لوٹ رہا ہے تو انھوں نے کہا وہ پرانا دور کبھی واپس نہیں آئے گا جب پوری فلمی صنعت نشانے پر ہوتی تھی۔ لیکن اب ایسا نہیں ہے، جرائم کی رفتار اور ان کی نوعیت مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اب کوئی شخص کہیں اور بیٹھ کر اپنے شوٹرز کو کسی ہدف پر حملہ کرنے کے لیے بھیجتا ہے اور ممکن ہے کہ وہ ہدف درحقیقت اصل ہدف ہی نہ ہو۔
ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے میں گرفتار ملزمان کے بیان کے مطابق ان کا اصل ہدف سلمان خان تھے، جبکہ انہوں نے اکشے کمار، امیتابھ بچن اور عامر خان کے گھروں کی ریکی بھی کی تھی۔
منوج باجپائی نے کہا کہ ٹائیگر کے واقعے سے جو بات سامنے آئی ہے اس میں اصل ہدف وہ نہیں تھے بلکہ اچانک نشانہ بن گئے۔ پوری گفتگو ان دیگر اداکاروں کے بارے میں تھی جو اصل ہدف تھے اور اب انہیں اپنی حفاظت کے لیے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کرنا پڑ رہے ہیں۔
منوج باجپائی نے کہا امید ہے حکومت کی جانب سے ان شخصیات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات موثر ثابت ہوں گے۔ یہ تشویش معاملہ ہے، لیکن ایک بات میں جانتا ہوں کہ ریاستی حکومت اس صورتحال کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بالی ووڈ کے ورسٹائل اور سینئر اداکار منوج باجپائی نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں سیکیورٹی کے موجودہ خطرات تشویشناک ہیں، ٹائیگر شروف پر حالیہ حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انکا کہن...
Source: Admin