کانگریس نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن پر ’ووٹ چوری‘ کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ اس بار اپوزیشن پارٹی نے ’ووٹ چوری‘ کا ایک نیا نمونہ، یعنی ثبوت بھی پیش کیا ہے۔ یہ ثبوت ’رپورٹرس کلیکٹیو‘ کی ایک رپورٹ ہے، جس میں کچھ اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔ کانگریس نے اس بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی اور الیکشن کمیشن ’ووٹ چوری‘ کو کس طرح انجام دے رہے ہیں، اس کا نمونہ دیکھیے۔‘‘
اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس کا کہنا ہے کہ رپورٹرس کلیکٹیو نے ملک کی 500 سے زائد اسمبلی اور لوک سبھا سیٹوں پر الیکشن کمیشن کے داخلی ریکارڈس چیک کیے۔ ان میں 50 سے زائد سیٹوں پر گڑبڑی کا پتہ چلا۔ کانگریس نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے داخلی ریکارڈ کے مطابق:
مہاراشٹر کی ممبئی نارتھ سیٹ سے بی جے پی کے پیوش گویل انتخاب جیتے، جہاں 18.11 لاکھ ووٹ پڑے، لیکن ریزلٹ میں صرف 10.33 لاکھ ووٹ شمار کیے گئے، مطلب 7.78 لاکھ ووٹوں کا حساب غائب نظر آیا۔
ہریانہ کے بڑکھل میں 3.32 لاکھ ووٹ پڑے، لیکن ای وی ایم میں صرف 1.60 لاکھ ووٹ شمار کیے گئے، یہاں بھی بی جے پی کا امیدوار انتخاب جیتا۔
مذکورہ بالا دونوں حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ’’ظاہر ہے، ڈالے گئے ووٹ اور شمار کیے گئے ووٹ میل نہیں کھاتے ہیں۔ حیرانی کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن نے ان گڑبڑیوں کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی کوئی از سر نو ووٹنگ ہوئی۔‘‘ پارٹی نے مزید کہا کہ ’’جب ان خامیوں پر راہل گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے سوال پوچھے اور ریکارڈ برسرعام کرنے کی بات کہی تو مودی حکومت نے اصول بدل کر رسائی کو مزید سخت کر دیا۔‘‘ اس معاملہ کو کانگریس نے واضح طور پر ووٹ چوری قرار دیا، ساتھ ہی کہا کہ اسے نریندر مودی اور الیکشن کمیشن مل کر پورے ملک میں انجام دے رہے ہیں۔ لیکن اب ملک کی عوام حقیقت جان چکی ہے اور وہ ووٹ چوروں کو معاف نہیں کرے گی۔ آخر میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ووٹ چوری ملک سے غداری ہے، جس کی سزا مل کر رہے گی۔‘‘
کانگریس نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن پر ’ووٹ چوری‘ کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ اس بار اپوزیشن پارٹی نے ’ووٹ چوری‘ کا ایک نیا نمونہ، یعنی ثبوت بھی پیش کیا ہ...
Source: Admin