بنگلہ دیش کے سرکاری وکیل نے کہا ہے کہ معزول وزیراعظم شیخ حسینہ اگر وطن واپس آئیں تو انہیں سزائے موت پر عمل درآمد کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شیخ حسینہ کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ عوامی بغاوت کے نتیجے میں ہوا تھا، جسے کچلنے کی انہوں نے کوشش کی۔ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کے عزم کا اظہار کر چکی ہیں، جہاں انہیں 2024 میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دے کر سزائے موت سنائی گئی تھی۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو بنگلہ دیشی پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے انڈیا میں خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی سے متعلق خبروں پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’شیخ حسینہ کے پاس عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا سامنا کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ 79 سالہ مفرور سابق وزیراعظم اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت بھی گنوا چکی ہیں، جس کے بعد ان کے پاس مزید کوئی قانونی راستہ باقی نہیں رہا۔
امین الاسلام کے مطابق ’اپیل دائر کرنے کی قانونی مدت ختم ہو چکی ہے اور اب کوئی اپیل دائر نہیں کی جا سکتی۔‘
شیخ حسینہ 1971 میں بنگلہ دیش کی آزادی کی قیادت کرنے والے انقلابی رہنما کی بیٹی ہیں۔ ان کے دورِ حکومت میں ملک نے تیز رفتار اقتصادی ترقی کی اور 17 کروڑ آبادی پر مشتمل جنوبی ایشیائی ملک کو بڑی حد تک زرعی معیشت سے عالمی صنعتی و پیداواری مرکز میں تبدیل کرنے میں مدد ملی۔
تاہم ناقدین نے ان پر سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے، ذرائع ابلاغ پر سخت پابندیاں عائد کرنے اور انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے کے الزامات عائد کیے۔ ان خلاف ورزیوں میں حزب اختلاف کے کارکنوں کا قتل بھی شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق، 2024 میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 1,400 تک افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اگست 2024 میں مشتعل مظاہرین کے ان کی رہائش گاہ پر دھاوا بولنے کے بعد شیخ حسینہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پڑوسی ملک انڈیا فرار ہو گئی تھیں۔
وہ اس وقت سے انڈیا ہی میں مقیم ہیں اور عوامی نظروں سے اوجھل ہیں۔ کبھی کبھار وہ ٹیلی فون کے ذریعے نیوز کانفرنسوں سے خطاب کرتی ہیں۔
شیخ حسینہ بارہا دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کے اپنے ارادے کا اظہار کر چکی ہیں۔ انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ وہ اس حقیقت سے ’مکمل طور پر آگاہ‘ ہیں کہ وطن واپس آنے کی صورت میں انہیں پھانسی دی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خوف عوام کے لیے میری ذمہ داری کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔‘
بنگلہ دیش کے سرکاری وکیل نے کہا ہے کہ معزول وزیراعظم شیخ حسینہ اگر وطن واپس آئیں تو انہیں سزائے موت پر عمل درآمد کا سامنا کرنا پڑے گا۔...
Source: Admin