بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے معروف امریکی تجارتی جریدے ’ورائٹی‘ کی جانب سے جاری کردہ دنیا کے 100 عظیم ترین فلمی ستاروں کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔
61 سالہ اداکار اس فہرست میں 92ویں نمبر پر ہیں اور وہ اس فہرست میں شامل ہونے والے واحد بھارتی اداکار ہیں۔
جریدے نے شاہ رخ خان کو ’بالی ووڈ سنیما کا دیو قامت ستارہ‘ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں بھارت کے آخری سپر اسٹارز میں شمار کیا جاتا ہے، ان کی نمایاں اداکاری، بھرپور انداز، ڈرامائی صلاحیتوں اور مزاحیہ حس نے شہرت کے مختلف ادوار میں ان کا ساتھ دیا۔
رپورٹ میں شاہ رخ خان کی فلموں ’بازی گر‘ اور ’ڈر‘ کو ان کے کیریئر کی اہم فلمیں قرار دیا گیا، جبکہ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’دیوداس‘ نے انہیں رومانوی ہیرو کے طور پر شہرت دلائی۔
جریدے نے مزید لکھا ہے کہ بھارت میں ان کے مداح انہیں ’کنگ خان‘ کہتے ہیں اور وہ آج بھی اپنی بادشاہت پر پوری طرح مطمئن نظر آتے ہیں۔
ورائٹی کی فہرست میں پہلے 10 نمبروں پر مارلن منرو، ہمفری بوگارٹ، چارلی چپلن، جیک نکلسن، کیتھرین ہیپ برن، سڈنی پوئٹیئر، مارلن برانڈو، ٹام کروز، توشیرو میفونے اور باربرا اسٹریسینڈ شامل ہیں۔
فلمی مصروفیات کی بات کی جائے تو شاہ رخ خان اگلی فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے، جو 24 دسمبر 2026ء کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اس فلم کے ذریعے ان کی بیٹی سہانا خان بھی بڑے پردے پر اپنا آغاز کریں گی، فلم میں دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن اور رانی مکھرجی سمیت دیگر فنکار بھی اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے معروف امریکی تجارتی جریدے ’ورائٹی‘ کی جانب سے جاری کردہ دنیا کے 100 عظیم ترین فلمی ستاروں کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔...
Source: Admin