Akhbar-e-Mashriq

Akhbar-e-Mashriq

Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata ♦ Delhi ♦ Ranchi ♦ Lucknow ♦ Bhopal ♦ Srinagar ♦ Siliguri ♦ Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS
Kolkata

ریاستی وزیر صحت نے میڈیکل کالج کے طلبا کو ذہنی ماﺅنواز قرار دیتے ہوئے ان کے رجسٹریشن منسوخ کرنے کی وارننگ دی

Admin
By Admin
Nov 19, 2026
Listen to Article Audio Narration
Loading narration audio... Playing • Tap to pause Tap play to listen to this story

Your Reaction

{{ voteMessage }}

{{ currentVoteCount }} Responses

ریاستی وزیر صحت نے میڈیکل کالج کے طلبا کو ذہنی ماﺅنواز قرار دیتے ہوئے ان کے رجسٹریشن منسوخ کرنے کی وارننگ دی
ریاستی وزیر صحت نے میڈیکل کالج کے طلبا کو ذہنی ماﺅنواز قرار دیتے ہوئے ان کے رجسٹریشن منسوخ کرنے کی وارننگ دی — November 19, 2026
ریاستی وزیر صحت نے میڈیکل کالج کے طلبا کو ذہنی ماﺅنواز قرار دیتے ہوئے ان کے رجسٹریشن منسوخ کرنے کی وارننگ دی
جمعرات کی دوپہر اسپتال کے ایم ایس وی پی اندرا نیل چٹرجی کو محکمہ صحت بھون طلب کیا گیا۔ وزیر صحت نے محکمہ صحت بھون کے گرین روم میں ایم ایس وی پی کے ساتھ میٹنگ کی۔کولکاتا میڈیکل کالج میں ہنگامہ آرائی کے واقعے کے بعد محکمہ صحت سرگرم ہو گیا ہے۔ وزیر صحت شاردوت مکھرجی نے خبردار کیا ہے کہ طبی خدمات بند کرکے احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے گا۔ وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ میڈیکل کالج میں ’توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی‘ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
جمعرات کی دوپہر میڈیکل کالج کے ایم ایس وی پی (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کم وائس پرنسپل) اندرا نیل چٹرجی کو وزیر صحت نے محکمہ صحت بھون طلب کیا۔ وہاں کے گرین روم میں انہوں نے ایم ایس وی پی کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں ڈائریکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن (ڈی ایم ای) اندرجیت ساہا اور ڈائریکٹر آف ہیلتھ سوپن سورین بھی موجود تھے۔ اس کے بعد وزیر صحت نے پریس کانفرنس بھی کی۔شاردوت نے میٹنگ میں بتایا کہ میڈیکل کالج میں 10 سے 15 ’ذہنی ماو¿ نوازوں‘ نے ہنگامہ آرائی کی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ وہ انٹرن ڈاکٹر ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر صحت نے خبردار کیا کہ طبی خدمات بند کرکے احتجاج نہیں کیا جا سکتا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا، ”میڈیکل کالج میں سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ڈی ایس او نے حملہ کیا ہے۔ پرنسپل کو انتہائی نازیبا زبان میں گالیاں دی گئیں۔ یہ لوگ ذہنی طور پر ماو¿ نواز ہیں۔ نکسلائیٹ اسپتال میں بدامنی چاہتے ہیں۔ پتھراو¿ کیا گیا اور لوگوں پر ہاتھ بھی اٹھایا گیا۔“
محکمہ صحت بھون نے دیواکر ہلدَر (ایم ایس وی پی، اسکول آف ٹراپیکل میڈیسن)، سومناتھ ڈے (شعبہ اینستھیزیولوجی، کولکاتا میڈیکل کالج کے سربراہ) اور دیپنکر رائے (شعبہ گیسٹرو اینٹرولوجی، کولکاتا میڈیکل کالج) کی قیادت میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ جمعہ کو یہ کمیٹی اپنی پہلی میٹنگ کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا، ”بیرونی افراد جنہوں نے حملہ کیا ہے، ان کی بھی شناخت کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ اگر تحقیقاتی کمیٹی ضروری سمجھے گی تو کولکاتا پولیس کے ڈی سی (سینٹرل) کی مدد لے گی۔“
تاہم، جمعرات کو محکمہ صحت بھون میں میڈیکل کالج کے پرنسپل اندرا نیل بسواس نظر نہیں آئے۔ ایم ایس وی پی نے بتایا کہ بیماری کی وجہ سے پرنسپل چھٹی پر ہیں۔ ان کی جگہ فی الحال ڈین اروپ چکرورتی پرنسپل کے دفتر کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
میڈیکل کالج ذرائع کے مطابق، بدھ کی رات اسپتال کا احاطہ چھوڑنے سے پہلے پرنسپل اندرا نیل نے پولیس کو ایک تحریری شکایت دی تھی۔ سادہ کاغذ پر لکھی گئی اس شکایت میں انہوں نے بتایا کہ گھیراو¿ کے دوران بیرونی افراد کا ایک گروپ میڈیکل کالج کے اندر داخل ہوا اور توڑ پھوڑ کی۔ اس ہنگامہ خیز صورت حال کے درمیان پرنسپل کے اچانک چھٹی پر چلے جانے سے کئی طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب بدھ کے واقعے کے سلسلے میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ازخود مقدمہ درج کیا ہے۔
وزیر صحت نے بدھ کے واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا، ”سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔ اس میں دیکھا گیا ہے کہ اندر انتہائی نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہے۔ پرنسپل، وائس پرنسپل اور شعبہ جاتی سربراہوں کے ساتھ انتہائی خراب برتاو¿ کیا گیا۔ انہیں دھمکی دی گئی کہ تمہاری کھال ادھیڑ دیں گے۔“
دوسری جانب بدھ کے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جمعرات کی دوپہر 2 بجے احتجاج کرنے والے جونیئر ڈاکٹروں نے اسپتال کے احاطے میں اجتماع کی اپیل کی تھی۔ اس اجتماع میں عام لوگوں سے بھی شرکت کی درخواست کی گئی۔ بغیر کسی بینر کے تمام تنظیموں کو اس میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کے بعد کالج اسٹریٹ تک ریلی بھی نکالی جا سکتی ہے۔ جونیئر ڈاکٹروں کی اس تحریک کی حمایت ’ایسوسی ایشن آف ہیلتھ سروس ڈاکٹرس‘، ’میڈیکل سروس سینٹر‘ اور ’ویسٹ بنگال ڈاکٹرس فورم‘ جیسی طبی تنظیموں نے بھی کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چورباغان واقعے میں زخمیوں کو سرکاری اسپتال سے نجی اسپتال منتقل کیے جانے اور ایمرجنسی وارڈ میں ادویات کی کمی کے معاملے پر آواز اٹھانے کے بعد میڈیکل کالج انتظامیہ نے آٹھ انٹرن ڈاکٹروں کو وجہ بتاو¿ نوٹس جاری کیا تھا۔ الزام ہے کہ بدھ کو کالج کونسل کی میٹنگ میں ان نوٹسوں کو واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں پرنسپل اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔ اس کے بعد نوٹس واپس لینے کے مطالبے پر میڈیکل اسٹوڈنٹس کونسل نے پرنسپل اور شعبہ جاتی سربراہوں کا گھیراو¿ کر لیا۔
احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کا الزام ہے کہ اسی دوران اے بی وی پی (اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد) کے ریاستی سکریٹری نیل کنٹھ بھٹاچاریہ سمیت حامیوں کا ایک گروپ وہاں داخل ہو گیا۔ ان کے ساتھ این ایم او (نیشنل میڈیکوس آرگنائزیشن) کے حامی بھی موجود تھے۔ پہلے بحث ہوئی اور پھر ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ بانس کے ذریعے کولپس ایبل گیٹ کا تالا توڑنے کی کوشش کی گئی۔ راہداری کے شیشوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ تاہم، اے بی وی پی اور این ایم او کی قیادت نے حملے اور توڑ پھوڑ کے الزامات کی تردید کی ہے۔ آخرکار بدھ کی رات پولیس کی حفاظت میں پرنسپل اندرا نیل اسپتال کے احاطے سے باہر نکلے۔

ریاستی وزیر صحت نے میڈیکل کالج کے طلبا کو ذہنی ماﺅنواز قرار دیتے ہوئے ان کے رجسٹریشن منسوخ کرنے کی وارننگ دی...

Source: Admin
Trending Videos
Instagram
X (Twitter)
LinkedIn