امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں جبکہ حملہ آور کو پکڑ لیا گیا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی پولیس کے عبوری سربراہ جیفری ڈبلیو کیرول نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس کے دوران ’ابتدائی نوعیت کی معلومات‘ فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے سے کچھ پہلے پولیس کو فائرنگ کی اطلاع ملی۔
ان کے مطابق، ’افسران کو فوری طور پر روانہ کیا گیا اور وہ 30 سیکنڈ کے اندر موقع پر پہنچ گئے۔‘
کیرول کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ چار دیگر افراد گولی لگنے سے زخمی ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر تین افراد کے زخم بظاہر جان لیوا نہیں۔
عبوری پولیس چیف نے کہا کہ عمارت کی ساتویں منزل سے گولیوں کی آوازیں سنائی دیں، جہاں مشتبہ شخص نے خود کو محصور کر رکھا تھا۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایک اور گولی چلنے کی آواز آنے کے بعد پولیس اہلکار زبردستی اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے جہاں مشتبہ شخص خود بھی گولی لگنے کے زخم کے ساتھ ملا۔
پولیس چیف کے مطابق مشتبہ شخص ایک سفید فام مرد ہے اور پولیس کو اندازہ ہے کہ وہ کون ہے۔
کیرول کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے بظاہر خود کو گولی ماری ہے۔
انھوں نے کہا کہ پولیس کا خیال ہے کہ مشتبہ شخص کا ’اپارٹمنٹ کی انتظامیہ کے ساتھ کسی قسم کا تنازع تھا‘، تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں۔
کیرول نے مزید بتایا کہ پولیس کو یقین ہے کہ ’آگ لگائی گئی تھی‘ جسے بجھا دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اہلکار اب بھی عمارت کے اندر اس یونٹ کی تلاشی لے رہے ہیں جہاں حملہ ہوا تھا۔ حکام کا خیال ہے کہ یہ یونٹ مشتبہ شخص کی ملکیت ہے۔
کیرول نے کہا کہ مشتبہ شخص نے ’خود کو اندر محصور کرنے کے دوران کم از کم دو مرتبہ دروازے کے پار سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔‘
امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں جبکہ حملہ آور کو پکڑ لیا گیا ہے۔...
Source: Admin