امریکی فوج کے ایک اہلکار نے جو آرلنگٹن نیشنل سیمیٹری میں مقبرۂ گمنام سپاہی کی حفاظت پر مامور ہے، وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ اور وزارتِ دفاع کے متعدد حکام کو ڈانٹ دیا۔ یہ اس وقت ہوا جب بدھ کو یومِ سابق فوجیوں کے موقع پر اس مقام کے دورے کے دوران ان کے ہنسنے کی آوازیں سنی گئیں۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب ہیگستھ، ان کی اہلیہ اور ان کے کئی معاونین، جن میں ان کے دفتر کے سربراہ ریکی بوریا بھی شامل تھے، اس یادگار کے سامنے گروپ فوٹو لے چکے تھے ،جو ان گمنام فوجیوں کی یاد میں بنائی گئی ہے، جو جنگوں میں مارے گئے اور جن کی شناخت نہ ہو سکی۔
ہنسی کی آواز سن کر امریکی انفنٹری کی تیسری رجمنٹ جسے ''اولڈ گارڈ'' کہا جاتا ہے، کے اس فوجی نے گروپ کو سخت تنبیہ کی: تمام زائرین کو ہر وقت خاموشی اور احترام کی فضا برقرار رکھنی چاہیے۔یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حاضرین میں سے ہنسی کس کی تھی۔
''اولڈ گارڈ'' کے فوجی مقبرے کی چوبیس گھنٹے حفاظت کرتے ہیں اور اس مقام پر خاموشی اور وقار کے اصولوں پر سختی سے عمل کراتے ہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے فوجی کے طرزِ عمل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اور وزارت امریکی مسلح افواج کے اہلکاروں کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں اور یہ کہ فوجی نے حاضرین کو تقریب کے دوران وقار برقرار رکھنے کی یاد دہانی کرا کے درست اور باوقار طریقے سے کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ان قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی رہے گی ،جو فوجیوں نے امریکہ کی سلامتی کے لیے دیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر پہلے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب ہیگستھ سیاسی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایک دن پہلے ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکنز نے رکن ٹامس میسی کی پیش کردہ مواخذے کی دفعات کو براہِ راست مواخذے کی کارروائی آگے بڑھانے کے بجائے عدلیہ کمیٹی کے پاس بھیجنے کے حق میں ووٹ دیا۔
امریکی فوج کے ایک اہلکار نے جو آرلنگٹن نیشنل سیمیٹری میں مقبرۂ گمنام سپاہی کی حفاظت پر مامور ہے، وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ اور وزارتِ دفاع کے متعدد حکام کو ڈانٹ دیا۔ یہ اس وقت ہوا جب بدھ...
Source: Admin