ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے اداکار آیوشمان کھرانہ اور تشار کپور سمیت بالی ووڈ کی کئی شخصیات کو مبینہ طور پر دھمکی آمیز اور بھتہ وصولی کے لیے پیغامات بھیجنے کے الزام میں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک 30 سالہ آئی ٹی انجینئر کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے فوری طور پر پیسے کمانے کے لیے حالیہ دھمکیوں اور فائرنگ کے واقعات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ یہ واقعات مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے بالی ووڈ شخصیات میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کیے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص کی شناخت 30 سالہ ویبھو مشرا کے نام سے ہوئی ہے، جو بنگلورو میں آئی ٹی انجینئر کے طور پر کام کرتا تھا۔ ملزم نے انسٹاگرام کے ذریعے آیوشمان کھرانہ اور کئی دیگر اداکاروں کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے تھے۔
ایک پولیس افسر کے مطابق اداکاروں کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد ہم نے ملزم کے آن لائن پروفائل اور تکنیکی معلومات کی مدد سے پیغامات بھیجنے والے کا سراغ لگانا شروع کیا اور بالآخر اس تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور اسے حراست میں لے لیا۔
پولیس افسر کے مطابق ملزم نے اداکار تشار کپور کو ایک آڈیو کلپ بھی بھیجا تھا، جس میں انہیں دھمکی دیتے ہوئے 5 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا۔ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ ڈی سی پی راج تلک روشن نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلورو کی مقامی عدالت سے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد ملزم کو ممبئی منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو جوہو میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے چند روز بعد تشار کپور کو ایک آڈیو کلپ موصول ہوا تھا، جو مبینہ طور پر قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی ہری چند جٹ عرف ہیری باکسر کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔
اداکار نے دھمکی آمیز آڈیو پیغام کے بارے میں پولیس کو آگاہ کیا تھا۔ پولیس نے آڈیو کلپ کو فرانزک تجزیے کے لیے بھیجا، تاہم حکام کو محسوس ہوا کہ اس میں موجود آواز پولیس ریکارڈ میں محفوظ ہیری باکسر کی آواز کے نمونوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔
اس کے بعد پولیس نے نتیجہ اخذ کیا کہ یہ کسی دوسرے شخص کی کارروائی معلوم ہوتی ہے، جو ممکنہ طور پر بشنوئی گینگ کی جانب سے پیدا کی جانیوالی خوف کی صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے اداکار آیوشمان کھرانہ اور تشار کپور سمیت بالی ووڈ کی کئی شخصیات کو مبینہ طور پر دھمکی آمیز اور بھتہ وصولی کے لیے پیغامات بھیجنے کے الزام میں بنگلورو س...
Source: Admin