امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن امیدواروں کی شکست کا ذمے دار امریکی میڈیا ادارے کو ٹھہرا دیا۔
امریکی صدر نے میڈیا ادارے پر الزام عائد کیا ہے کہ نیٹ ورک ڈیموکریٹس کو نشریاتی وقت دے کر قدامت پسند امیدواروں کی سیاسی پوزیشن کمزور کر رہا تھا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا ہے کہ اس شکست کی ذمے داری فوکس نیوز پر عائد ہوتی ہے، جو مسلسل اور بار بار ڈیموکریٹک مخالفین کو اپنے پروگرامز میں جگہ دے رہا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر نیویارک شہر کے سابق میئر بل ڈی بلاسیو کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھایا کہ نیٹ ورک نے انہیں نشریات میں شرکت اور ملک کے نظامِ حکومت سے متعلق مشورے دینے کا موقع کیوں فراہم کیا؟
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ میئر بل ڈی بلاسیو نے اپنے عہدے سے بدنامی کے ساتھ رخصتی اختیار کی تھی۔
انتخابی مہم کے دوران بھی ٹرمپ امریکی میڈیا ادارے کے بعض تجزیہ کاروں اور ادارتی فیصلوں کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں، خصوصاً ان معاملات میں جہاں نیٹ ورک کے مؤقف ان کی سیاسی ترجیحات سے مختلف تھے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی ذرائع ابلاغ کے ابتدائی انتخابی تخمینوں کے مطابق ڈیموکریٹس کے سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کی توقع ہے، جبکہ ایوانِ نمائندگان میں بھی انہیں اکثریت حاصل ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
انتخابی نتائج کی یہ صورتِ حال ٹرمپ کے قانون سازی کے ایجنڈے کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے اور ان کی انتظامیہ کے سیاسی اختیارات پر قدغنیں لگنے کا خدشہ بڑھا سکتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن امیدواروں کی شکست کا ذمے دار امریکی میڈیا ادارے کو ٹھہرا دیا۔ امریکی صدر نے میڈیا ادارے پر الزام عائد ک...
Source: Admin