International

ایلون مسک نے منشیات کے استعمال سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

ایلون مسک نے منشیات کے استعمال سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

امریکی ارب پتی اور معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک نے ایک میڈیا رپورٹ میں لگائے گئے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ انہوں نے 2024ء کی انتخابی مہم کے دوران بڑی مقدار میں کیٹامین اور دیگر نشہ آور اشیاء کا استعمال کیا تھا۔ امریکی اخبار "نیویارک ٹائمز" نے جمعہ کے روز شائع ہونے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایلون مسک جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر بھی رہے ہیں نے اس قدر زیادہ مقدار میں کیٹامین استعمال کیا کہ انہیں مثانے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ دنیا کے امیر ترین شخص نے نشہ آور پھپھوندی (مشروم) اور ہیلو سینیٹ کرنے والی گولیاں بھی استعمال کیں اور گزشتہ سال وہ ایک ڈبہ بھر کر ایسی گولیاں ساتھ لے کر سفر کرتے رہے۔ رپورٹ کے مطابق اس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں کہ مسک نے یہ اشیاء اس وقت استعمال کیں جب وہ صدر ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد وزارت سرکاری کارکردگی کے امور چلا رہے تھے۔ ہفتے کے روز پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں ایلون مسک نے دو ٹوک انداز میں لکھاکہ "وضاحت کے لیے عرض ہے، میں منشیات استعمال نہیں کرتا! نیویارک ٹائمز جھوٹ بول رہا ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میں نے چند سال پہلے طبی نسخے کے تحت کیٹامین استعمال کیا تھا اور اس بات کا برملا اظہار "ایکس" پر کیا تھا۔ یہ خبر نہیں بلکہ پرانی بات ہے۔ کیٹامین ذہنی دباؤ کے سیاہ دور سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوا، لیکن اس کے بعد سے میں نے کبھی استعمال نہیں کیا"۔ رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کے دوران نشے سے متعلق سوال کو نظر انداز کیا، جب کہ اُن کی آنکھ پر سیاہ نشان موجود تھا، جس نے میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ مسک کے مطابق یہ سیاہ نشان ان کے ننھے بیٹے "ایکس" کی کھیل کود کے دوران لگائی گئی ہلکی سی مکے بازی کا نتیجہ تھا۔ بعد ازاں جمعہ کے روز ایک صحافی نے سابق صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا وہ مسک کے مبینہ "مسلسل نشہ کے استعمال" سے آگاہ تھے؟ ٹرمپ نے جواب دیا: "مجھے اس کا علم نہیں تھا۔" انہوں نے مزید کہاکہ "میری نظر میں ایلون مسک ایک شاندار شخصیت ہیں"۔ یاد رہے کہ ایلون مسک اس سے قبل اعتراف کر چکے ہیں کہ انہوں نے ڈاکٹری نسخے کے مطابق کیٹامین کا استعمال کیا تاکہ وہ "ذہنی طور پر منفی کیفیت" سے باہر آ سکیں اور ان کے بقول یہ چیز ان کے کام میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments