ممبئی میں دیوالی کی تقریبات کے دوران آتش بازی کے باعث آگ لگنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔ ان ہی متاثرین میں حال ہی میں فلم لسٹ اسٹوریز 3 میں نظر آنے والے اداکار گورفتح پیرزادہ بھی شامل ہیں۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ دیوالی کی شام پٹاخوں سے ان کے ممبئی میں واقع گھر کی پوری بالکونی میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک کمرہ بھی متاثر ہوا۔
چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سکھ اداکار نے اپنے کمرے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور ممبئی پولیس کو بھی ٹیگ کیا۔
گورفتح نے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک تصویر شیئر کی جس میں دکھایا گیا کہ بالکونی سے اندر آنے والے پٹاخوں کے باعث آگ لگنے کے بعد ان کا کمرہ کس حالت میں تھا۔ کمرے میں بستر کے ایک جانب پردے ہٹائے گئے تھے جبکہ گھر کا دیگر سامان بھی اندر منتقل کیا گیا تھا۔ بالکونی دھویں سے بھری ہوئی تھی۔
تصویر کے ساتھ کیپشن میں انھوں نے لکھا کہ ’عوام کی بے پناہ بےوقوفی حیران کن ہے۔ پٹاخوں نے میری پوری بالکونی اور کمرہ جلا دیا۔ پورا شہر جل رہا ہے اور گیس چیمبر بن چکا ہے۔‘
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ممبئی میونسپل کارپوریشن اور ممبئی پولیس کو بھی ٹیگ کیا۔ گورفتح نے اتوار کی شام ممبئی کے فضائی معیار کے اشاریے کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس کے مطابق یہ سطح بڑھ کر 521 تک پہنچ گئی تھی۔
گورفتح نے دیوالی کے بعد فضائی آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں لکھا، ’گزشتہ رات جس بےحسی کا مظاہرہ کیا گیا، اس پر مجھے شدید غصہ ہے۔ ہمارا ملک بچوں کی پیدائش کے حوالے سے تو بہت جنون رکھتا ہے، لیکن ہمیں اس بات کی ذرا بھی پروا نہیں کہ وہ بچے کس قسم کی ہوا میں سانس لیں گے۔‘
بتایا جاتا ہے کہ دیوالی کے موقع پر پٹاخوں سے ممبئی میں رات بھر فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے بعد شہر پر دھویں اور دھند کی موٹی تہہ چھا گئی۔
خیال رہے کہ بمبئی ہائی کورٹ کے حکم کے تحت عوامی مقامات پر پٹاخے پھاڑنے پر پابندی عائد تھی۔
ممبئی میں دیوالی کی تقریبات کے دوران آتش بازی کے باعث آگ لگنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔ ان ہی متاثرین میں حال ہی میں فلم لسٹ اسٹوریز 3 میں نظر آنے والے اداکار گورفتح پیرزادہ بھی شام...
Source: Admin