سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مدینہ ریجن میں تیل کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
سعودی وزارتِ توانائی نے ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ پیر کے روز مدینہ ریجن میں واقع ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں محدود نوعیت کی آگ بھڑک اٹھی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس واقعے کے فوری بعد ہنگامی امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا تاہم واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ اس حملے میں پائپ لائن کی سرگرمیاں بھی متاثر نہیں ہوئیں۔
بیان کے مطابق حملے کے فوری بعد ہنگامی امدادی اور خصوصی تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور طے شدہ حفاظتی طریقۂ کار اور ہنگامی ردِعمل کے منصوبوں کے تحت مقام کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔
وزارتِ توانائی کے متعلق متعلقہ ٹیموں نے جائے وقوعہ کی حفاظت کو یقینی بنایا اور صورتِ حال پر قابو پا لیا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب دُنیا کا سب سے بڑا خام تیل برآمد کرنے والا ملک ہے اور 1200 کلومیٹر طویل ’ایسٹ ویسٹ پائپ لائن‘ سعودیہ کو آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر یعنی متبادل گزرگاہ تیل کی سپلائی کا راستہ فراہم کرتی ہے۔
سعودی عرب کی اس پائپ لائن اہمیت اُس وقت سے مزید بڑھ گئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ جاری ہے۔
یہ پائپ لائن جو ’پیٹرولائن‘ کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع ابقیق کے میدانوں سے مغرب میں واقع بندرگاہ ینبع تک جاتی ہے۔
اس کی لمبائی تقریباً 1200 کلومیٹر ہے اور یہ سعودی تیل کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے متبادل راستہ ہے جو آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرتا ہے۔
گذشتہ چند ماہ میں یہ روزانہ 40 لاکھ سے 50 لاکھ بیرل تیل ترسیل کر رہی تھی، جو جہاز رانی کی نگرانی کرنے والی کمپنیوں اور تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سپلائی کا چار سے پانچ فیصد بنتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس لائن کی گنجائش تقریباً 70 لاکھ بیرل یومیہ ہے۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مدینہ ریجن میں تیل کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔...
Source: Admin