National

مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کی نگرانی پولیس کی ذمہ داری: فڈنویس

مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کی نگرانی پولیس کی ذمہ داری: فڈنویس

ممبئی، 11 مارچ :مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے اسمبلی میں بیان دیا کہ مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی نگرانی اور قواعد کی خلاف ورزی روکنا مقامی پولیس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی علاقے میں اس حوالے سے شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ پولیس افسران کو جواب دہ ٹھہرایا جائے گا ۔ اسمبلی میں بی جے پی ایم ایل اے دیویانی فراندے نے مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اس سے پیدا ہونے والے شور کی وجہ سے عوامی سکون میں خلل کے مسئلے کو اٹھایا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ اسی دوران بی جے پی ایم ایل اے اتل بھاتکھلکر نے کہا کہ ان کے علاقے میں صبح کے وقت مذہبی مقامات سے بلند آواز میں لاؤڈ اسپیکر بجائے جاتے ہیں، جس سے شہریوں کی نیند متاثر ہوتی ہے۔ جب اس بارے میں مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جاتی ہے تو معاملہ محض آلودگی کنٹرول بورڈ تک پہنچا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کرے۔ وزیر اعلیٰ فڈنویس نے کہا کہ مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے حجم کی حد مقرر کی گئی ہے اور اس کی نگرانی کے لیے مقامی پولیس اسٹیشنز کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ پولیس اہلکار اپنے علاقوں میں دورہ کر کے ان مذہبی مقامات کے خلاف کارروائی کریں گے جہاں لاؤڈ اسپیکر کی آواز مقررہ حد سے تجاوز کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ آج سے مقامی پولیس کو مکمل اختیار دیا جا رہا ہے کہ وہ ان مذہبی مقامات پر دوبارہ لاؤڈ اسپیکر نصب کرنے کی اجازت نہ دیں، جہاں پہلے سے قواعد کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والے مقامات کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی پولیس اسٹیشن کی حدود میں قوانین پر سختی سے عمل درآمد نہیں کیا گیا تو متعلقہ پولیس افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments