National

محبوبہ مفتی کی ہندستان اور پاکستان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

محبوبہ مفتی کی ہندستان اور پاکستان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

سری نگر، 9 مئی: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہندستان اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور بات چیت کے ذریعے کشیدگی کو حل کریں۔انہوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی کشیدگی معصوم شہریوں بالخصوص بچوں کے لئے صرف تباہی اور تکلیف کا باعث بنے گی۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اور اس دوران ان کی آںکھوں سے آنسو رواں تھے۔انہوں نے کہا: ' سرحدوں پر جانی نقصان انتہائی افسوسناک ہے، ان معصوم بچوں کا کیا قصور ہے جو جان سے ہاتھ دھو بیٹھے،فوری تحمل اور تناؤ میں کمی وقت کی ضرورت ہے، موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت کا استعمال کرنا بہت ضروری ہے'۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی خطے میں تشدد، چاہے پلوامہ ہو یا پہلگام، کے وسیع پیمانے پر نتائج بر آمد ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: 'دونوں خطے بدحالی کا شکار ہیں، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پوری دنیا افراتفری کی طرف گھسیٹ سکتی ہے'۔ طرفین کے درمیان ماضی اور حال کی کشیدگیوں کا ذکر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا: 'پلوامہ کے بعد، ہم سب نے دیکھا کہ کیا ہوا، اب پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد، دونوں ممالک خطرناک طور پر جنگ کے دہانے کے قریب کھڑے ہیں'۔انہوں نے کہا: ' دونوں ممالک کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اپنے فوجی اہداف حاصل کر لیے ہیں، پاکستان کا دعویٰ ہے کہ اس نے جموں میں ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا اور بھارت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مراکز کو بے اثر کر دیا گیا ہے، لیکن ان بچوں کا کیا قصور ہے جو کراس فائرنگ میں مر رہے ہیں'۔ عام لوگوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا: 'یہ جموں و کشمیر کے لوگ ہیں جو درمیان میں بھگت رہے ہیں، اگر ایٹمی تصادم ہوا تو جیت کا دعویٰ کرنے کے لیے کون زندہ رہ جائے گا'۔ محبوبہ مفتی نے اپنی پریس کانفرنس کا اختتام دونوں ممالک سے کشیدگی روکنے کی دلی اپیل کے ساتھ کیا۔انہوں نے کہا: 'میں دونوں ملکوں سے درخواست کرتی ہوں کہ برائے مہربانی اب رک جائیں'۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور تشدد انسانیت کی روح کے خلاف ہیں۔ان کا کہنا تھا: 'فوجی کارروائی حل نہیں ہے یہ صرف علامات کو حل کرتی ہے، نہ کہ بنیادی وجوہات کو'۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments