National

کانگریس محبت کی دکان پر نفرت کا سامان بیچ رہی ہے:وزیر اعظم مودی

کانگریس محبت کی دکان پر نفرت کا سامان بیچ رہی ہے:وزیر اعظم مودی

جموں19 ستمبر:وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس کوپاکستانی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کاالزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ زمین پر کوئی طاقت دفعہ 370کو بحال نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے جموں وکشمیر میں سیاسی دکان چلانے کے لئے دہائیوں تک نفرت کا سامان بیچا ۔ وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ تینوں خاندانوں نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ وبرباد کیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار وزیر اعظم نے کٹرا جموں میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے انتخابی منشور میں دفعہ 370کی بحالی کا وعدہ کیا ہے لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ دنیا کی کوئی طاقت اس قانون کو بحال نہیں کرسکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا :’اس قانون کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کیا گیا اور کوئی سیاسی جماعت اس کو یہاں پر دوبارہ لاگو نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کانگریس ، این سی اتحاد کی وکالت کرتے ہوئے دفعہ 370اور 35اے کی بحالی کے حوالے سے دونوں پارٹیوں کے موقف کی تائید کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی وزیر دفاع کے اس بیان سے عیاں ہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس پاکستان کے ایجنڈے کو یہاں پر نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا :’کانگریس نے مہاراجہ ہری سنگھ کو بدنام کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔‘ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی حکومت تھی جس نے دہلی سے کٹرا تک وندے بھارت ایکسپریس ٹرین شروع کی۔ مودی نے کہا کہ کٹرا اور ریاسی کے ریلوے اسٹیشنوں میں مزید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پکل ڈول ، رتیلے اور کیرو پارور پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور ان پروجیکٹوں سے یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقعے فراہم ہونگے۔ ان کے مطابق ادھمپور میں ایک نئے میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ان تین خاندانوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو کافی زخم دئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاسی اور کٹھوعہ اضلاع کے ساتھ ان تینوں جماعتوں نے سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا ۔ کانگریس کو نکسل سوچ رکھنے والی جماعت قرار دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ اسی نکسل سوچ کے تحت کانگریس نے ڈوگرہ کے خلاف بیان بازی کی۔ ان کے مطابق یہ کانگریس پارٹی ہی ہے جس نے ملک بھر میں بد عنوانی اور رشوت خوری کو فروغ دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کانگریس محبت کی دکان پر نفرت کا سامان بیچتی ہے اور لوگوں کو اس پارٹی سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نئے جموں وکشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر بی جے پی امید واروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔ نریندر مودی نے کہا کہ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ جموں وکشمیر کے نوجوان ہندوستان کی جمہوریت کو کس طرح مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا:'اس کے لئے میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں'۔ عبداللہ،مفتی اور گاندھی خاندانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا: 'یہی تین خاندان جموں وکشمیر کو چلانے کے ذمہ دار تھے،ان خاندانوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا کی ہے'۔

Source: uni news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments