طبی عملے نے بتایا کہ جمعرات کو وسطی غزہ کی پٹی کے دیر البلح میں ایک اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملہ ہوا جس میں غزہ کے نائب وزیرِ تعلیم خالد ابو ندیٰ اور ان کی اہلیہ ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ یہ حملہ حماس کے ارکان اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف حالیہ ہدفی قتل کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ نیز کہا کہ اسرائیل نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران حماس کے تقریباً 80 مزاحمت کاروں کو ہلاک کیا۔
نتن یاہو نے کہا، "کوئی بھی دہشت گرد محفوظ نہیں اور حماس کی قیادت میں سے کوئی بھی ہماری گرفت سے بچ نہیں سکے گا۔"
خالد ابو ندیٰ منگل کے بعد سے اسرائیل کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے حماس کے تیسرے اعلیٰ عہدیدار ہیں۔ قبل ازیں سکیورٹی کے دو اعلیٰ عہدیدار بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ خالد ابو ندیٰ حماس کے معاشی امور کی نگرانی اور ان کے بینکنگ اور سرمایہ کاری کے نیٹ ورک کا انتظام سنبھالتے تھے۔ وہ فنڈز کو عسکری سرگرمیوں اور طاقت میں اضافے کی جانب منتقل کرتے تھے۔ فوج کے مطابق ان کی ہلاکت سے گروپ کی مالی معاملات برقرار رکھنے اور اپنی عسکری صلاحیتوں کو سہارا دینے کی صلاحیت کمزور ہو سکتی ہے۔
حماس نے خالد ابو ندیٰ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
حماس نے خالد ابو ندیٰ کے ہلاک ہو جانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ ان کے سیاسی دفتر کے رکن تھے تاہم دیگر اسرائیلی الزامات پر انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں ماہرینِ تعلیم اور شہری شخصیات کو نشانہ بنانا ایک "ناپسندیدہ جرم" ہے۔ "ہدفی قتل" کی یہ جاری پالیسی غزہ جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
یہ حملے روکنے میں ناکامی پر انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے "پیس بورڈ" کو سیاسی اور اخلاقی طور پر ذمہ دار قرار دیا۔ حماس کے مطابق اس کی فراہم کردہ آڑ سے شہریوں پر مزید حملوں اور ہلاکتوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
طبی عملے نے مزید بتایا کہ دو دیگر فضائی حملوں میں غزہ شہر کے علاقے التفاح اور بیچ (Beach) مہاجر کیمپ میں چھے افراد ہلاک ہو گئے۔
جمعرات کو بعد ازاں طبی عملے نے بتایا کہ مشرقی بوریج مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فائرنگ سے 62 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے ایسے کسی واقعے کی اطلاع سے انکار کر دیا۔
سن 2023 سے اسرائیلی حملوں میں 74,000 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، اس کے نتیجے میں بھوک کا بحران پیدا ہوا ہے، غزہ کی پوری آبادی بے گھر ہو گئی ہے اور ماہرینِ تعلیم نیز اقوامِ متحدہ کی تحقیقات میں ان کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیا گیا ہے۔
گذشتہ رات اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں غزہ میں کم از کم نو فلسطینی ہلاک ہو گئے، طبی عملے نے بتایا۔ ہلاک شدگان میں حماس کے مقرر کردہ نائب وزیرِ تعلیم بھی شامل ہیں۔ ا...