آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں عام طور پر سیاسی بحث، تلخ جملوں اور اہم قوانین پر گفتگو دیکھنے کو ملتی ہے، لیکن حالیہ اجلاس کے دوران ایک ایسا خوبصورت منظر سامنے آیا جس نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ ایک خاتون سینیٹر اپنی چھ ماہ کی بیٹی کو گود میں لے کر ایوان میں تقریر کررہی تھیں، اسی دوران ان کے پیچھے بیٹھی ایک دوسری خاتون سینیٹر بچی کے ساتھ کھیلتی اور اسے ہنسانے کی کوشش کرتی نظر آئیں۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
کیا ہے پورا واقعہ؟
یہ واقعہ 24 اور 25 نومبر کو آسٹریلیا کی سینیٹ کے اجلاس کے دوران پیش آیا۔ مغربی آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والی آزاد سینیٹر فاطمہ پیمان (Fatima Payman) اپنی چھ ماہ کی بیٹی عالیہ کو گود میں لے کر ایوان سے خطاب کررہی تھیں۔
اسی دوران ان کے پیچھے بیٹھی ایک اور آزاد سینیٹر لیڈیا تھورپ (Lidia Thorpe) کی نظر ننھی بچی پر پڑی۔ انہوں نے بچی کو خوش کرنے کے لیے چہرہ کے دلچسپ تاثرات بنائے اور ہاتھوں سے مختلف اشارے کرتے ہوئے اس کے ساتھ کھیلنا شروع کردیا۔
ایک طرف فاطمہ پیمان اپنی تقریر جاری رکھے ہوئے تھیں تو دوسری طرف لیڈیا تھورپ ننھی بچی کو ہنسانے میں مصروف تھیں۔ یہ خوبصورت لمحہ پارلیمنٹ کے کیمروں میں قید ہوگیا، جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کررہی ہے۔
جس وقت یہ دلچسپ منظر سامنے آیا، اس وقت آسٹریلیا کی سینیٹ میں ‘ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر بل 2026’ پر بحث جاری تھی۔
رپورٹ کے مطابق 25 نومبر کو آسٹریلیا کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے اس بل کو منظوری دے دی۔
آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں موجود خصوصی قواعد کے تحت سینیٹرز اپنے چھوٹے بچوں کو ایوان میں لاسکتے ہیں۔ اس سہولت کے ذریعے خواتین ارکان پارلیمنٹ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے ساتھ بچوں کو دودھ پلانے اور ان کی دیکھ بھال بھی کرسکتی ہیں۔
مجموعی طور پر ایک طرف پارلیمنٹ میں اہم بل پر بحث جاری تھی تو دوسری طرف دو خاتون سینیٹرز کے درمیان محبت اور اپنائیت کا یہ خوبصورت منظر لوگوں کے لیے خاص توجہ کا مرکز بن گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں عام طور پر سیاسی بحث، تلخ جملوں اور اہم قوانین پر گفتگو دیکھنے کو ملتی ہے، لیکن حالیہ اجلاس کے دوران ایک ایسا خوبصورت منظر سامنے آیا جس نے لوگوں کے دل جیت ...
Source: Admin