سری نگر، 12 نومبر : مرکز کے زیرِ انتظام علاقے لداخ کی انتظامیہ نے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچوک کی نقل و حرکت اور عوامی سرگرمیوں پر 60 دنوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے ۔
انتظامیہ نے اس قدم کے پیچھے امن عامہ کے بگڑنے کے خدشے اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے میں جاری انتخابی عمل میں رخنہ پڑنے کے امکان کا حوالہ دیا ہے ۔ یہ قدم لداخ پولیس کی جانب سے بدھ کی رات کی گئی احتیاطی کارروائی کے بعد اٹھایا گیا ہے ، جس میں پولیس نے مسٹر وانگچوک کو لِیہ کے این ڈی ایس میموریل پارک میں واقع احتجاجی مقام سے ہٹا دیا تھا۔
لِیہہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے 'بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا' (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعہ 163 کے تحت جاری کردہ ایک حکم نامے میں مسٹر وانگچوک کو ایسی کسی بھی سرگرمی میں شامل ہونے ، یا کسی غیر مجاز ریلی، جلوس یا عوامی اجتماع کا انعقاد کرنے یا اس میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے ، جس سے عوامی امن و امان میں خلل پڑ سکتا ہے یا جاری انتخابی عمل میں رکاوٹ آ سکتی ہے ۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے ، "یہ خدشہ ہے کہ اگر ان سرگرمیوں پر قابو نہ پایا گیا تو اس سے ٹا¶ن کمیٹی، پنچایتوں اور لداخ خود مختار پہاڑی ترقی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی)، لِیہہ کے انتخابات سے جڑے جاری انتخابی عمل پر منفی اثر پڑ سکتا ہے ۔ ساتھ ہی، اس سے لِیہہ ضلع میں جاری قانونی انتخابی عمل کے پرامن و منظم انعقاد اور امن و امان برقرار رکھنے میں بھی رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے ۔"
یہ حکم نامہ لِیہہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کے ایک پیغام کے بعد جاری کیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ انہوں نے مسٹر وانگچوک کی گزشتہ سرگرمیوں، ان کے پس منظر اور عوام کو مجتمع کرنے اور اکسانے کی مبینہ کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے خلاف احتیاطی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسٹر وانگچوک کے آئندہ کے پروگرام، مظاہرے ، بھوک ہڑتال اور عوامی جلسے ضلع میں امن اور نظم و ضبط کو بگاڑ سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے ٹا¶ن کمیٹی، پنچایتوں اور لداخ خود مختار پہاڑی ترقی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی)، لِیہہ کے انتخابات کے لیے نافذ 'ضابطہ اخلاق' کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں انتخابی عمل کے پرامن اور منظم انعقاد پر برا اثر ڈال سکتی ہیں۔
اس حکم نامے کو کارگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے ) کے رہنما سجاد کارگلی نے 'ایکس' پر شیئر کیا ہے ۔
مسٹر وانگچوک پر یہ پابندیاں ایسے وقت میں عائد کی گئی ہیں جب 'لِیہہ ایپیکس باڈی' (ایل اے بی) نے ایک بار پھر احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔ 'ضابطہ اخلاق' کے نفاذ کے دوران احتجاجی مظاہرے کرنے پر عائد پابندیوں کے باوجود، ایل اے بی نے جمعرات کو ایک پرامن دھرنا دیا۔ ایک بیان میں ایپیکس باڈی نے کہا کہ اس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جو ان کی قیادت اور مطالبات کے لیے عوام کی مسلسل حمایت کو ظاہر کرتا ہے ۔ مسٹر وانگچوک بھی 'لِیہہ ایپیکس باڈی' کے رکن ہیں۔
دریں اثنا، کے ڈی اے نے سنیچر کی شام کارگل میں ایک کینڈل مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ قدم لداخ کی موجودہ تحریک اور وہاں کے مسائل کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے ۔
سری نگر، 12 نومبر : مرکز کے زیرِ انتظام علاقے لداخ کی انتظامیہ نے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچوک کی نقل و حرکت اور عوامی سرگرمیوں پر 60 دنوں کے لیے پابندی عائد کر دی ہے ۔...
Source: Admin