نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو معطل کرنے سے متعلق کوئی عبوری حکم جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آف انڈیا میں دیگر دو الیکشن کمشنروں کی رضامندی کے بغیر یک طرفہ طور پر فیصلے کیے۔ چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے ان الزامات پر الیکشن کمیشن آف انڈیا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے اشارہ دیا کہ اگر الیکشن کمیشن کے جواب پر غور کرنے کے بعد یہ پایا جاتا ہے کہ کچھ فیصلے مطلوبہ اتفاق رائے کے بغیر چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کیے گئے تھے تو عدالت ان فیصلوں پر دوبارہ غور کر سکتی ہے یا انہیں واپس لے سکتی ہے۔ عدالت نے کہا، ’’نوٹس کے بعد اگر وہ آکر یہ بتاتے ہیں کہ فلاں فلاں فیصلے اتفاق رائے کے بغیر کیے گئے تھے تو ہم ان فیصلوں کو واپس لے لیں گے۔‘‘
سپریم کورٹ میں یہ سماعت ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) سے متعلق الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف دائر عرضیوں پر ہو رہی تھی۔ ایک عرضی میں الیکشن کمیشن کے کام کرنے کے طریقہ کار کو چیلنج کیا گیا تھا۔ اس میں الزام لگایا گیا کہ ایک کثیر رکنی آئینی ادارے کی حیثیت سے الیکشن کمیشن کو حاصل اختیارات کا استعمال قانون کے تحت مقرر اجتماعی فیصلہ سازی کے طریقہ کار پر عمل کیے بغیر کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے جسٹس اجول بھویاں کی جانب سے ووٹروں کو مبینہ طور پر من مانی طریقے سے حق رائے دہی سے محروم کیے جانے سے متعلق دیے گئے بیان کے پس منظر میں کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔ جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ جسٹس اجول بھویاں نے چیف الیکشن کمشنر کے کردار کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔ ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے کہا، ’’اگر گیانیش کمار میں ذرا بھی شرم باقی ہے تو انہیں فوراً استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ غیر قانونی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ان کی صلاحیت نے انہیں ملک کے لیے بوجھ بنا دیا ہے۔‘‘
جے رام رمیش کا یہ ردعمل اتوار کو حیدرآباد میں 19ویں نالسار بی آر ایس موٹ کورٹ مقابلے کی اختتامی تقریب میں جسٹس اجول بھویاں کی تقریر کے بعد سامنے آیا۔ سپریم کورٹ کے جج نے کہا تھا کہ ایسا کوئی بھی طریقہ کار جس کے نتیجے میں لاکھوں شہریوں کو حق رائے دہی سے محروم کیا جائے اور انہیں اپنے ہی ملک میں ووٹ کے حق سے محروم ’’دوسرے درجے کے شہری‘‘ بنا دیا جائے، وہ بنیادی طور پر من مانی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی عمل کے نتیجے میں لاکھوں ہندوستانی شہری حق رائے دہی سے محروم ہو جائیں اور انہیں اپنے ہی ملک میں ووٹ کے حق کے بغیر دوسرے درجے کا شہری بنا دیا جائے تو ایسا عمل ’’بنیادی طور پر من مانی‘‘ ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ کسی بھی قسم کی دلیل اس کا جواز پیش نہیں کر سکتی اور یہ آئین کی بنیادی روح پر ضرب لگاتا ہے۔ یہ تبصرے الیکشن کمیشن آف انڈیا اور ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کو لے کر جاری تنازع کے درمیان سامنے آئے ہیں، جہاں اپوزیشن جماعتیں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو معطل کرنے سے متعلق کوئی عبوری حکم جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ا...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments