National

ہند پاک جنگ بندی پر ٹرمپ کا اعلان حیران کن : کانگریس

ہند پاک جنگ بندی پر ٹرمپ کا اعلان حیران کن : کانگریس

نئی دہلی، 11 مئی : پاکستان اور ہندستان کے درمیان جاری تنازعہ میں جنگ بندی کے حوالہ سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلان کو "حیران کن" قرار دیتے ہوئے کانگریس نے اتوار کو کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ کو بین الاقوامی نہیں بنایا جانا چاہئے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں واقعات میں تیزی سے تبدیلی کی وجہ سے حیران کن صورتحال سامنے آئی ہے۔ یہ جان کر سب حیران رہ گئے کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرتے ہیں۔ مسٹر پائلٹ نے کہا، "شاید یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی صدر نے سوشل میڈیا کے ذریعے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ ہمیں اس بات پر بھی توجہ دینی چاہیے کہ انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا لکھا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر لانا انتہائی حیران کن ہے۔" کانگریس کے لیڈر نے کہا، "کانگریس پارٹی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعہ میں سرحد کے نزدیک اپنی جانیں گنوانے والے ہمارے شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہے اور مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ میں ہندوستانی فوج کی بہادری اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہماری فوج نے ایک بار پھر دکھایا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین فوجوں میں سے ایک ہے۔ کانگریس طویل عرصے سے مطالبہ کر رہی ہے کہ پہلگام کے واقعہ اور اس کے بعد کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلایا جائے۔" انہوں نے کہا کہ سال 1994 میں کانگریس حکومت نے پی او کے کو واپس لینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔ مسٹر پائلٹ نے کہا، "اب وقت آ گیا ہے کہ ہم 1994 کی قرارداد کو دہرائیں۔ پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد حکومت ہند کو پورے ملک اور اپوزیشن سمیت ہر سیاسی پارٹی کی طرف سے مکمل حمایت حاصل ہوئی، ہم نے پہلے دن سے ہی صاف کہہ دیا تھا کہ یہ ہماری روح پر حملہ ہے اور اس کا منہ توڑ جواب دینا ضروری ہے۔ ہمیں فوج کے قدم پر فخر ہے۔" کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کو ان کے مطالبات کو سننا چاہئے اور اس معاملہ پر بحث کے لئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانا چاہئے تاکہ پورے دنیا میں یہ پیغام جائے کہ پورا ملک دہشت گردی اور پاکستان کی ہر غلط حرکت کے خلاف متحد ہے۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments