National

میہول چوکسی کے وکیل بیلجیئم میں ضمانت کی درخواست دائر کریں گے

میہول چوکسی کے وکیل بیلجیئم میں ضمانت کی درخواست دائر کریں گے

ممبئی، 14 اپریل :)پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) گھوٹالے کے مرکزی ملزم اور مفرور ہیروں کے تاجر میہول چوکسی کے وکیل ان کی ضمانت کے لیے بیلجیم میں درخواست دائر کریں گے۔ چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے پیر کو ممبئی میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کسی یورپی ملک کی مناسب عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کریں گے۔ ہندوستان کی جانب سے حوالگی کی درخواست کیے جانے کے بعد چوکسی کو بیلجیم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کینسر کے مرض میں مبتلا ہے اور وہ زیر علاج ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم بیلجیم میں میہول چوکسی کی گرفتاری کے خلاف اپیل دائر کرنے کے عمل میں ہیں۔ ضمانت پر ملزم کی رہائی کی اپیل بنیادی طور پر اس بنیاد پر ہوگی کہ انکی طبی حالت مستحکم نہیں ہے اور وہ کینسر کا علاج کرو رہے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا، "ہم یہ بھی دلیل دیں گے کہ ہیرا کاروباری کے فرار ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔" انہوں نے کہا کہ معاملے کی سماعت پانچ دن بعد ہی ممکن ہو سکتی ہے، جس کے بعد وہ ضمانت کے لیے اپیل دائر کریں گے۔ پنجاب نیشنل بینک لون فراڈ کیس میں کلیدی ملزم اور مفرور ہیروں کے تاجر میہول چوکسی کو بیلجیئم میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے انہیں مفرور اقتصادی مجرم (ایف ای او) قرار دینے کی درخواست گزشتہ تقریباً 7 برسوں سے ممبئی کی خصوصی عدالت میں زیر التوا ہے۔ چوکسی، عمر 65 سال، اور اس کا بھتیجا نیرو مودی، جو خود ہیروں کا تاجر ہے، دونوں 13,000 کروڑ روپے کے بینک قرض فراڈ میں اہم ملزم ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، ہندوستانی تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے حوالگی کی درخواست کے بعد چوکسی کو بیلجیئم میں گرفتار کیا گیا۔ ای ڈی نے جولائی 2018 میں خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس میں چوکسی کو مفرور اقتصادی مجرم قرار دے کر ان کے اثاثے ضبط کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔ تاہم، چوکسی کی طرف سے عدالت میں دائر کی گئی مختلف درخواستوں کے سبب یہ معاملہ بار بار ملتوی ہوتا رہا۔ ملزم کی درخواستوں میں ای ڈی کی عرضی پر طریقہ کار کی خامیوں کا الزام لگایا گیا تھا، جس کی وجہ سے پی ایم ایل اے عدالت اور بامبے ہائی کورٹ میں سماعت میں تاخیر ہوئی۔ ای ڈی کے ایک افسر نے کہا کہ "عدالت کو غیر ضروری درخواستوں میں الجھایا جا رہا ہے اور ایف ای او قرار دینے کی ہماری درخواست پر گزشتہ 7 سالوں سے سماعت ملتوی ہوتی آ رہی ہے۔" افسر نے زور دیا کہ ایک بار عرضی دائر ہو جانے کے بعد عدالت کو سماعت جاری رکھنی چاہیے اور مستقبل کی کارروائی کے بارے میں فیصلہ دینا چاہیے۔ انہوں نے عدالت سے بار بار ایک ہی نوعیت کی درخواستیں دائر کرنے کے رجحان پر نوٹس لینے اور انہیں مسترد کرنے کی اپیل کی۔ چوکسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم بیلجیئم میں مشتبہ کینسر کے علاج کے سلسلے میں زیر علاج ہے اور اسی تناظر میں مزید درخواست دائر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایف ای او ایکٹ کے تحت کسی ایسے فرد کو مفرور اقتصادی مجرم قرار دیا جا سکتا ہے جس کے خلاف 100 کروڑ روپے یا اس سے زائد کے جرم میں وارنٹ جاری کیا گیا ہو اور وہ ہندوستان چھوڑ کر واپسی سے انکار کر دے۔ ایک بار ایف ای او قرار دیے جانے کے بعد ایجنسی اس فرد کی جائیداد ضبط کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ چوکسی نے ای ڈی کی عرضی کو بامبے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ ایجنسی نے مناسب طریقہ کار اختیار کیے بغیر عرضی داخل کی، جس سے اس کی توہین ہوئی۔ تاہم، ستمبر 2023 میں ہائی کورٹ نے ان کی عرضی مسترد کر دی اور فیصلہ دیا کہ ای ڈی نے ایف ای او ایکٹ کے تحت مقررہ طریقہ کار پر عمل کیا ہے۔ عدالت نے خصوصی عدالت کی کارروائی پر جاری حکم امتناعی بھی منسوخ کر دیا۔ اس کے باوجود چوکسی کے وکلاء کی جانب سے مسلسل درخواستیں دائر کیے جانے کے سبب ایف ای او قرار دینے کی سماعت کا آغاز نہیں ہو سکا۔ اگرچہ ان میں سے زیادہ تر درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں، چند تاحال زیر التوا ہیں۔ چوکسی نے دسمبر 2023 میں اپنی تازہ ترین کوشش کے تحت ای ڈی کی ایف ای او درخواست پر جاری نوٹس کو واپس لینے کی عرضی دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ ای ڈی حکام کے مطابق، چوکسی نے جنوری 2018 کے اوائل میں مشتبہ حالات میں ہندوستان چھوڑ دیا تھا۔ ان کے وکیل نے یہ دلیل دی کہ ای ڈی نے ایف ای او قرار دینے کے لیے وقتاً فوقتاً اپنا موقف تبدیل کیا، اور چونکہ چوکسی کا ہندوستانی پاسپورٹ منسوخ ہو چکا ہے، اس لیے اس کے لیے تفتیش کے لیے واپس آنا ممکن نہیں رہا۔ عدالت نے ان دلائل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی کی جانب سے جاری نوٹس درست معلومات پر مبنی ہے، اور یہ کسی ’غلط فہمی یا مفروضے‘ پر مبنی نہیں تھا۔ نیرو مودی کو، جو 2019 سے لندن کی جیل میں قید ہے، پہلے ہی خصوصی عدالت مفرور اقتصادی مجرم قرار دے چکی ہے۔ اب جبکہ چوکسی کی حوالگی کی کارروائی ای ڈی اور سی بی آئی کی جانب سے دی گئی درخواست پر بیلجیئم میں شروع ہو چکی ہے، یہ کارروائی نیرو مودی کے بعد دوسرے اہم مشتبہ شخص کے خلاف کی گئی ہے۔چوکسی 2018 سے اینٹیگوا میں مقیم تھا اور گزشتہ سال علاج کی غرض سے بیلجیئم گیا تھا، جہاں اب اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments