National

کپواڑہ تصادم :فوجی جوان اور ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری

کپواڑہ تصادم :فوجی جوان اور ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری

سری نگر،24جولائی:سرحدی ضلع کپواڑہ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم میں ایک فوجی جوان جاں بحق ہوا جبکہ جوابی کارروائی میں ملی ٹینٹ بھی مارا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ کپواڑہ کے ترم خان جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی جوان شدید طورپر زخمی ہوا اور بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ منگل کی دیر شام کپواڑہ کے ترم خان علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہاکہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فوج کی جوابی کارروائی میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی فائرنگ میں فوجی اہلکار جس کی شناخت نائیک گونر دلاور خان ساکن ہماچل پردیش کے بطور ہوئی شدید طورپر زخمی ہوا ۔ ان کے مطابق زخمی فوجی جوان کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔ ترجمان کے مطابق علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔ دریں اثنا سری نگر میں قائم چنار کور نے نائیک دلاور خان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ کور کمانڈر نے کہاکہ فوجی جوان نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ مصیبت کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بتادیں کہ جموں صوبے میں ملی ٹینٹ حملوں میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ سرحدی ضلع کپواڑہ میں انکاونٹرکے دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ منگل کے روز پونچھ میں دراندازی کی ایک کوشش کے دوران فوجی جوان جاں بحق ہوا ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ20جون کو نریندر مودی کی جانب سے تیسری مرتبہ وزیر اعظم کا حلف لینے کے بعد سے لے کر 24جولائی تک جموں وکشمیر میں ملی ٹینٹ حملوں میں گیارہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار اور نو یاتری مارے گئے ۔

Source: uni news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments