Meta Pixel
Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata Delhi Ranchi Lucknow Bhopal Srinagar Siliguri Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS

International

جاپان زلزلے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی، شدید گرمی اور حبس کی لہر برقرار

جاپان زلزلے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی، شدید گرمی اور حبس کی لہر برقرار

جاپان کے جنوبی مغربی خطے میں آنے والے 7.1 شدت کے شدید زلزلے کے دو دن بعد حکومت نے جمعرات کو ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جاپانی حکومت کے ترجمان منورو کیہارا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا ’ہلاکتوں کی موجودہ تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن کی موت کی وجوہات کی تفتیش کی جا رہی ہے۔‘ 28 جولائی کو انتہائی شدید زلزلے سے کیوشو کے جزیرے پر شدید تباہی مچی جہاں درجنوں مکانات زمین بوس ہو گئے، پلوں کو شدید نقصان پہنچا اور کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ زلزلے کے بعد بجلی اور پانی کی فراہمی منقطع ہونے سے ہزاروں شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقے کماموٹو کے قصبے کاشیما میں واقع ’ایون‘ شاپنگ مال کے ملبے تلے دبے ممکنہ زندہ بچ جانے والے افراد کو نکالنے کے لیے سینکڑوں ریسکیو اہلکار مسلسل کوشاں ہیں۔ یہ شاپنگ مال زلزلے کے قریباً 50 منٹ بعد ایک شدید دھماکے کے نتیجے میں تباہ ہو گیا تھا۔ اس وقت اندر عملے کے متعدد ارکان موجود تھے۔ ایک مقامی تاجر فو می ہیکو ماتسورا نے بتایا ’میں ابھی ہفتہ بھر پہلے ہی اس مال میں فلم دیکھنے آیا تھا۔ یہ سوچ کر روح کانپ جاتی ہے کہ میں بال بال بچا۔‘ دوسری جانب یاتسوشیرو شہر میں ’نیپون پیپر انڈسٹریز‘ کی فیکٹری کی چمنی کا ایک حصہ گرنے سے پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ چار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ زلزلے کے بعد سے مسلسل آنے والے آفٹر شاکس نے مقامی آبادی کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے میں شدید گرمی اور حبس کی لہر جاری ہے جہاں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے اور حکام نے ہیٹ سٹروک کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ جمعرات کی صبح تک قریباً 22 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم تھے جبکہ 84 ہزار سے زائد گھرانوں کو پینے کے پانی کی فراہمی بند ہو چکی ہے۔ ٹی وی مناظر میں شہریوں کو راشن، پانی اور پیٹرول کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تاہم جاپانی زلزلہ پیما مرکز نے اسے 7.1 قرار دیا۔ جاپان دنیا کے ان خطوں میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ زلزلے آتے ہیں۔ پیسیفک ’رنگ آف فائر‘ کے کنارے پر واقع ہونے کی وجہ سے 12 کروڑ 50 لاکھ کی آبادی کا یہ ملک ہر سال سیکڑوں زلزلوں کے جھٹکے محسوس کرتا ہے جو دنیا بھر کے کل زلزلوں کا تقریباً 18 فیصد بنتا ہے۔ کما موٹو کا یہ علاقہ 2016 میں بھی دو تباہ کن زلزلوں کا نشانہ بنا تھا جس میں 273 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم جاپانی قوم کے ذہنوں میں 2011 کے اس ہولناک 9.0 شدت کے زلزلے اور سونامی کی یادیں آج بھی تازہ ہیں جس نے فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ کو تباہ کر دیا تھا اور جس میں ساڑھے 18 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

Source: Admin

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Popular in International

Related Articles

Discussion

Comment
Your View

We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!

Post your comment

0 Comments

No comments