بنگلہ دیش میں ایک بار پھر ہنگامہ شروع ہوگیا ہے۔ مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر شروع ہونے والا احتجاج اب حکومت کے لیے دردِ سر بن چکا ہے۔ خاص طور پر جب سے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی کی اس میں انٹری ہوئی ہے اور ان کے آبائی شہر گوپال گنج میں اس نے مخالفت شروع کر دی ہے۔ گوپال گنج میں ویسے تو گزشتہ ایک ہفتے سے احتجاج میں شدت آ چکی ہے اور یہاں پولیس کے ساتھ ساتھ فوج بھی تعینات کی گئی ہے۔ تازہ تشدد گوپال گنج کے تنگی پاڑہ علاقے میں دیکھنے کو ملا، جب یہاں پولیس نے عوامی لیگ اور اس کی طلبہ تنظیم چھاتر لیگ سے وابستہ کئی مشتبہ کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں عوامی لیگ کے حامی جمع ہو گئے اور پھر زبردست ہنگامہ شروع ہو گیا۔
دیکھتے ہی دیکھتے ہجوم نے تنگی پاڑہ پولیس اسٹیشن کو گھیر لیا اور مقامی رپورٹس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس، ربڑ کی گولیوں اور ساؤنڈ گرینیڈ کا استعمال کیا، لیکن حالات مزید بگڑ گئے۔ اس کے بعد مظاہرین پولیس اسٹیشن میں داخل ہو گئے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی، وہاں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ زیر حراست کچھ کارکنوں کو چھڑا لیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ اس کے کچھ وقت بعد گوپال گنج-3 سے حکمراں جماعت بی این پی کے رکن پارلیمنٹ ایس ایم جیلانی کے گھر کو آگ کے حوالے کر دیا گیا۔ اس کے بعد سیاسی تصادم مزید بڑھ گیا ہے۔
گوپال گنج کے تشدد کا اثر پڑوسی ضلع فریدپور کے بھانگا علاقے میں بھی دیکھنے کو ملا ۔ یہاں بی این پی کی کسان تنظیم کرشک دل کے جوائنٹ آرگنائزیشن سکریٹری راجو مولاہ کی موت ہو گئی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، عوامی لیگ کے حامیوں کے جلوس کے دوران پیش آئے واقعے میں ایک دیسی بم پھٹ گیا، جس سے راجو شدید زخمی ہو گئے اور اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ مظاہرین نے بی این پی کے دفتر اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ فی الحال سیاسی مخالفت اب صرف نعروں اور مظاہروں تک محدود نہیں رہی، بلکہ پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
ایسا نہیں ہے کہ گوپال گنج میں ہونے والا تشدد صرف ایک دن کا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے بھی تنگی پاڑہ میں بی این پی اور اس سے وابستہ تنظیموں کے دفاتر، رہنماؤں کے گھروں اور کاروباروں پر حملوں اور آتش زنی کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ 16 نومبر کو عوامی لیگ کے حامیوں کے بڑے جلوس کے دوران پولیس کی رکاوٹیں توڑ دی گئیں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے ضلع کے ڈپٹی کمشنر، پولیس سپرنٹنڈنٹ اور تنگی پاڑہ تھانے کے انچارج سمیت کئی افسران کے تبادلے کر دیے تھے۔ اس کے باوجود یہاں ہنگامہ آرائی میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے۔ خاص طور پر عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر پابندی کے باوجود اس کے حامیوں کا سڑکوں پر اترنا انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ دوسری جانب بی این پی رہنماؤں اور کارکنوں کے املاک پر حملوں سے مقامی سطح پر سیاسی عدم تحفظ کا احساس بڑھ سکتا ہے۔
ملک میں جاری مظاہروں کی تپش ڈھاکہ تک بھی پہنچ گئی ہے۔ مختلف مقامات پر کم از کم چار کھڑی بسوں کو آگ لگا دی گئی، جبکہ کئی جگہوں پر دیسی بم پھوڑے جانے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ ان واقعات میں کوئی زخمی تو نہیں ہوا ہے، لیکن عدم استحکام کا ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے پارلیمنٹ میں کہا کہ پولیس اسٹیشن یا سیکورٹی فورسز پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ویڈیوز، تصاویر اور آڈیو ریکارڈنگ کی بنیاد پر کی جائے گی اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک اور سیکورٹی اداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
بنگلہ دیش میں ایک بار پھر ہنگامہ شروع ہوگیا ہے۔ مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر شروع ہونے والا احتجاج اب حکومت کے لیے دردِ سر بن چکا ہے۔ خاص طور پر جب سے سابق وزیر اعظم ...
Source: Admin