International

اسرائیلی فوج کا یمن کی تین بندرگاہیں خالی کرنے کا حکم

اسرائیلی فوج کا یمن کی تین بندرگاہیں خالی کرنے کا حکم

اسرائیلی فوج نے پیر کی شام ایک سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے یمن کے مغربی ساحل پر واقع تین اہم بندرگاہوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ وارننگ حوثی کنٹرول میں موجود تنصیبات پر متوقع اسرائیلی حملوں کے پیش نظر دی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخای ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری بیان میں کہا ہے کہ رأس عیسیٰ، الحدیدہ اور الصلیف کی بندرگاہیں فوراً خالی کر دی جائیں اور ان مقامات پر موجود تمام افراد ان سے دور ہو جائیں۔ ادرعی کا کہنا ہے کہ حوثی گروپ ان بندرگاہوں کو ان کے بہ قول "دہشت گردانہ سرگرمیوں" کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج ماضی میں بھی ان بندرگاہوں کے خلاف اسی نوعیت کی وارننگز جاری کر چکی ہے، جن کے کچھ ہی دن بعد حملے بھی کیے گئے تھے۔ یہ تازہ انتباہ اسرائیل اور حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس دوران فریقین ایک دوسرے پر کئی بار حملے کر چکے ہیں۔ خدشہ ہے کہ اسرائیلی فضائیہ دوبارہ ان بندرگاہوں کو نشانہ بنا سکتی ہے، جیسا کہ حالیہ مہینوں میں دیکھا گیا۔ اس صورت حال کے پیش نظر برطانوی بحریہ نے بھی اتوار کی شب تجارتی جہازوں کو خبردار کیا کہ وہ الحدیدہ بندرگاہ اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں موجود سکیورٹی خطرات کے پیش نظر مکمل احتیاط برتیں۔ برطانوی ادارے "یو کے ایم ٹی او" نے ایک تنبیہ میں کہا ہے کہ "فوجی حملوں کے خطرے کے باعث، الحدیدہ کے اطراف میں جہازوں کو انتہائی محتاط رہنا چاہیے"۔ یاد رہے کہ اکتوبر 2023ء سے حوثی گروہ اسرائیل پر ڈرونز اور میزائل حملے کر رہا ہے، جن کے جواب میں اسرائیل نے صنعاء ایئرپورٹ، الحدیدہ بندرگاہ اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے حوثی قیادت کو بھی براہِ راست نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔ دوسری جانب، حوثیوں کے زیر انتظام "ریڈ سی پورٹس اتھارٹی" نے گزشتہ ماہ بتایا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں سے الحدیدہ بندرگاہ کو پہنچنے والا نقصان ایک ارب ڈالر سے زائد ہو چکا ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments