Meta Pixel
Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata Delhi Ranchi Lucknow Bhopal Srinagar Siliguri Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS
International

وسطی میکسیکو کے پہاڑوں میں خفیہ کرپٹو کرنسی فارم کا انکشاف

Admin
By Admin
Sep 13, 2026

Your Reaction

{{ voteMessage }}

{{ currentVoteCount }} Responses

Trending Video

KOLKATA KI GERUA SAMMAN YATRA SUVENDU ADHIKARI KA SAKHT ANDAZAZ

وسطی میکسیکو کے پہاڑوں میں خفیہ کرپٹو کرنسی فارم کا انکشاف
وسطی میکسیکو کے پہاڑوں میں خفیہ کرپٹو کرنسی فارم کا انکشاف — September 13, 2026
وسطی میکسیکو کے سرسبز پہاڑوں میں ایک کم آمدورفت والی کچی سڑک کے قریب واقع ایک خستہ حال عمارت سے کرپٹو کرنسی کی خفیہ کان کنی کا انکشاف ہوا۔ یہاں اتنا شور تھا کہ قریب سے گزرنے والے افراد مشینوں کی تیز مکینیکل آواز سن سکتے تھے، اس مقام تک پولیس کو پہنچانے والی وجہ صرف شور نہیں بلکہ سینکڑوں خصوصی کمپیوٹرز کو چلانے اور ٹھنڈا رکھنے کے لیے درکار بجلی کی غیرمعمولی مقدار بھی تھی۔
خبررسان ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ فارم ریاست پیوبلا کے سیرا نورٹے علاقے میں واقع تھا، جہاں بکھری ہوئی چھوٹی آبادیوں کی مجموعی ضرورت کے مقابلے میں یہاں بجلی کا استعمال کہیں زیادہ تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس مقام پر ورچوئل کرنسی کی کان کنی کے ذریعے غیرقانونی رقوم کو قانونی کیا جا رہا تھا۔
کرپٹو کرنسی کی کان کنی میں طاقتور کمپیوٹرز استعمال کرتے ہوئے بٹ کوائن جیسے ورچوئل اثاثے تیار کیے جاتے ہیں۔ میکسیکو میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کے تناظر میں یہ ایک نیا محاذ بنتا جا رہا ہے۔ منشیات کی سمگلنگ اور بھتہ خوری سے آگے بڑھتے ہوئے جرائم پیشہ گروہ اب مالی جرائم کی پیچیدہ دنیا میں بھی قدم بڑھا رہے ہیں۔
پیوبلا میں حکام نے کرپٹو فارم سے 300 گرافکس پروسیسنگ یونٹس (GPUs)، 80 درمیانے وولٹیج کے ٹرمینلز اور 8 سیٹلائٹ اینٹینے برآمد کیے۔ یہ تمام آلات لاکھوں دیگر کمپیوٹرز کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے پیچیدہ مسائل حل کرنے اور نئی قیمتی کرپٹو کرنسی تیار کرنے کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔
بین الاقوامی تجارتی معیار کے لحاظ سے یہ اگرچہ نسبتاً محدود پیمانے کا آپریشن تھا، تاہم گزشتہ سال کے آغاز سے اب تک اس علاقے میں یہ اس نوعیت کا چوتھا کرپٹو فارم ہے جس کا سراغ لگایا گیا ہے۔
میکسیکو میں قائم سکیورٹی تجزیہ کار ڈیوڈ ساوسیڈو نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ منشیات کے کارٹلز نے جرائم کے حوالے سے ایک نئی سطح کی مہارت حاصل کرلی ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کا آپریشن قائم کرنے کے لیے تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ کسی ایسے مالی طور پر مضبوط گروہ کی پشت پناہی بھی درکار ہوتی ہے جو میکسیکو کے طاقتور ترین کارٹلز میں سے ایک ہو سکتا ہے۔
میکسیکو کے وفاقی پراسیکیوٹر کے دفتر نے جاری تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
بلاک چین تجزیاتی کمپنی چین اینالیسس کے مطابق دنیا بھر میں غیرقانونی کرپٹو کرنسی لین دین 2025 میں دگنا سے بھی زیادہ ہوگیا۔ جرائم پیشہ سرگرمیوں سے منسلک کرپٹو پتے تقریباً 154 ارب ڈالر مالیت کی رقوم وصول کر چکے ہیں، جبکہ ایک سال قبل یہ رقم 59 ارب ڈالر تھی۔
چین اینالیسس نے غیرقانونی والٹ ایڈریسز کو بھیجی جانے والی لین دین کی مجموعی مالیت کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ اعداد و شمار جاری کیے۔ کمپنی کے مطابق اس اضافے کی بڑی وجہ پابندیوں سے بچنے کے لیے ہونے والے لین دین میں اضافہ تھا، جن میں پابندیوں کی زد میں آنے والی حکومتوں سے متعلق ادائیگیاں بھی شامل ہیں۔
چین اینالیسس کے لاطینی امریکا سے متعلق ماہر کائیو موٹا کے مطابق دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ افراد اور ادارے ورچوئل کرنسی اختیار کر رہے ہیں، جن میں سے بیشتر قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اسے استعمال کرتے ہیں، تاہم لاطینی امریکا کے کارٹلز بھی منی لانڈرنگ کے لیے کرپٹو منتقلی اور کان کنی کے آپریشنز کا بڑھتا ہوا استعمال کرنے والوں میں شامل ہیں۔
موٹا نے کہا کہ ایسے مقامات پر یا تو بجلی انتہائی سستی ہوتی ہے یا وہ علاقے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے اثر و رسوخ میں ہوتے ہیں، جہاں وہ بجلی چوری کرکے کرپٹو کرنسی کی کان کنی کے لیے وسیع انفرااسٹرکچر قائم کرسکتے ہیں۔
کرپٹو کرنسی کی کان کنی میں بجلی سب سے بڑا خرچ ہے۔ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ورچوئل کرنسی کی ایک یونٹ تیار کرنے کا عمل بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ وسائل کا متقاضی ہوگیا ہے۔
کیمبرج یونیورسٹی کے بٹ کوائن الیکٹریسٹی کنزمپشن انڈیکس کے مطابق سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی ایک یونٹ تیار کرنے کی لاگت تقریباً 45 ہزار ڈالر ہے۔ موجودہ تقریباً 78 ہزار ڈالر کی قیمت پر فروخت کیے جانے کی صورت میں بھی اس میں خاصا منافع حاصل ہوسکتا ہے۔
میکسیکو کی ابروامیرکانا یونیورسٹی میں توانائی چوری کے ماہر سیموئل لیون نے پیوبلا کے آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس میں بجلی چوری کی جا رہی تھی تو آپریشن کی سب سے بڑی لاگت، یعنی بجلی، دراصل کچھ بھی نہیں تھی۔
میکسیکو کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا کرپٹو فارم قریبی ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم سے بجلی چوری کر رہا تھا۔
سیرا نورٹے کے گھنے جنگلات اور ایک دوسرے سے دور واقع چھوٹی آبادیوں نے پیوبلا میں قائم اس کرپٹو فارم کو چھپانے کے لیے موزوں ماحول فراہم کیا۔
قریبی آبادیوں میں رہنے والے دو افراد نے، جو ممکنہ انتقامی کارروائی کے خدشے کے باعث اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتے، رائٹرز کو بتایا کہ مشینوں کی گونج تقریباً ایک کلومیٹر (0.6 میل) دور سے بھی سنی جا سکتی تھی۔ کرپٹو فارم قریب ترین گاؤں سے تقریباً اس فاصلے سے دوگنا دور واقع تھا۔
گزشتہ سال قریبی شمالی پیوبلا میں موجود ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کے اطراف بھی اسی نوعیت کے مزید تین کرپٹو فارمز کا سراغ لگایا گیا تھا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ مزید خفیہ آپریشنز کے امکان کی تحقیقات کے لیے قریبی ریاستوں کے حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
برازیل، امریکہ اور جنوب مشرقی ایشیا میں بھی اسی نوعیت کی کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ تھائی لینڈ میں بٹ کوائن کی کان کنی کے ایک بڑے آپریشن کے خلاف کارروائی کی گئی جو پانچ صوبوں تک پھیلا ہوا تھا۔
چین اینالیسس کے کائیو موٹا کے مطابق دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث آنے والے برسوں میں کرپٹو سے متعلق جرائم بھی نئے ریکارڈ قائم کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق ورچوئل کرنسی جہاں زیادہ قابلِ رسائی ہوتی جا رہی ہے، وہیں تفتیش کاروں کی آن لائن لین دین کا سراغ لگانے کی صلاحیت بھی بہتر ہورہی ہے۔
کائیو موٹا نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کرپٹو کرنسی کے ذریعے ہونے والی منظم جرائم کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر طور پر لیس ہورہے ہیں۔

وسطی میکسیکو کے سرسبز پہاڑوں میں ایک کم آمدورفت والی کچی سڑک کے قریب واقع ایک خستہ حال عمارت سے کرپٹو کرنسی کی خفیہ کان کنی کا انکشاف ہوا۔ یہاں اتنا شور تھا کہ قریب سے گزرنے والے ا...

Source: Admin

Related Articles

مزید دیکھیں
Discussion

Comment
Your View

We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!

Post your comment

0 Comments

No comments

Trending Videos
Instagram
X (Twitter)
LinkedIn