Meta Pixel
Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata Delhi Ranchi Lucknow Bhopal Srinagar Siliguri Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS

International

یورپی ملک رومانیہ میں بُھورے ریچھوں کو کیوں مارا جا رہا ہے؟

یورپی ملک رومانیہ میں بُھورے ریچھوں کو کیوں مارا جا رہا ہے؟

یورپ کے جنوب مشرقی ملک رومانیہ کے حکام کے لیے ریچھوں کے بڑھتے ہوئے حملے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ حکام ایک طرف شہریوں اور سیاحوں کو ریچھوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے قوانین نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور دوسری طرف روس کے بعد یورپ میں بُھورے ریچھوں کی سب سے بڑی آبادی کو بھی سنبھال رہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق رومانیہ کی وزارتِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ ’ملک میں قریباً 10 ہزار سے 13 ہزار بھورے ریچھ موجود ہیں۔‘ رومانیہ کے پہاڑی علاقوں میں انسانوں اور ریچھوں کے آمنے سامنے آنے کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ شہری آبادی کے پھیلاؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث ریچھوں کے قدرتی مسکن سُکڑتے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ ’اب خوراک کی تلاش میں ریچھ قصبوں اور شہروں میں داخل ہونے کے عادی ہو چکے ہیں۔‘ ان میں سے بعض واقعات کے دوران کئی انسان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ وزارتِ ماحولیات کے مطابق ’گذشتہ دو دہائیوں کے دوران رومانیہ میں ریچھوں کے حملوں میں قریباً 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘ رومانیہ کی آئینی عدالت نے رواں برس 24 جون کو 2026 اور 2027 کے دوران قریباً 1800 بھورے ریچھوں کو مارنے کی اجازت دینے کے فیصلے کو آئین کے مطابق درست قرار دیا۔ اس سے قبل رواں برس اہریل میں رومانیہ کی پارلیمنٹ نے انسانوں کو ریچھوں کئے حملوں سے بچانے اور ان جانوروں کی تعداد کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک متنازع قانون کی منظوری دی تھی۔ اس قانون کے تحت 2026 اور 2027 میں سالانہ 900، 900 ریچھوں کو مارنے کی اجازت دی گئی ہے، اس فیصلے پر ماہرین جنگلی حیات اور تحفظِ ماحولیات کے کارکنوں نے سخت تنقید کی ہے۔ ماحول کے تحفظ کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ’ریچھوں کو شہروں میں آنے سے روکنے کے لیے انہیں مارنے کے بجائے متعلقہ قوانین پر عمل کیا جائے۔‘ ’ریچھوں کو کھانا دینے پر جُرمانے، کچرے کو موثر طریقے سے ٹھکانے لگانے اور بجلی کی باڑ کے لیے لوگوں کو سبسڈی دینے جیسے اقدامات پر موثر طریقے سے عمل درآمد نہیں ہو رہا۔‘ واضح رہے کہ 2021 سے رومانیہ کے شہروں اور قصبوں کی مقامی انتظامیہ کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ اگر کوئی ریچھ لوگوں کے گھروں یا باغات میں داخل ہو جائے تو اسے گولی مار کر ہلاک کیا جا سکتا ہے۔

Source: Admin

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Popular in International

Related Articles

Discussion

Comment
Your View

We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!

Post your comment

0 Comments

No comments