برطانیہ کے شہزادے پرنس ولیم ان دنوں اپنے دورۂ بھارت پر ہیں، جہاں انہوں نے ممبئی میں دھرما پروڈکشنز کے دفتر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر فلمساز کرن جوہر، کرینہ کپور خان اور معروف اداکار سیف علی خان نے برطانوی شاہی مہمان کا شاندار استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران فلموں، ثقافتی تبادلے اور کرکٹ پر ہلکی پھلکی گفتگو کے ساتھ ساتھ سیف علی خان کے خاندانی شاہی پس منظر کا تذکرہ بھی زیرِ بحث آیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے جب سیف علی خان سے پوچھا گیا کہ کیا پرنس ولیم کے ساتھ گفتگو میں ان کے شاہی پس منظر کا ذکر ہوا تو اداکار نے بتایا: "انہوں نے اس کا ذکر کیا تھا، لیکن میں نے فوراً واضح کر دیا کہ بھارت میں اب کوئی شاہی نظام باقی نہیں رہا اور ملک اس سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے۔"
سیف نے بتایا کہ پرنس ولیم کے ساتھ ان کے والد اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی اور یہ کہ انہوں نے برطانیہ اور بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے اپنے تجربات کا تذکرہ کیا۔
اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے فلمی صنعتوں کے درمیان تعاون، فلموں، موسیقی اور مشترکہ پراجیکٹس پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سیف علی خان نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں بالی ووڈ اور برطانوی سنیما کو مل کر کام کرنے کے نئے مواقع تلاش کرنے چاہئیں، بالخصوص جب حال ہی میں کچھ پروڈکشن ہاؤسز نے وہاں فلم بندی کے معاہدے کیے ہیں۔
برطانوی شہزادے کا یہ دورہ 'ارتھ شاٹ پرائز' کی تقریبات کے سلسلے میں ہے، جس کے دوران انہوں نے ممبئی میں مختلف ثقافتی اور فلاحی مراکز کا دورہ کیا اور بالی ووڈ شخصیات سے ملاقات کی۔
برطانیہ کے شہزادے پرنس ولیم ان دنوں اپنے دورۂ بھارت پر ہیں، جہاں انہوں نے ممبئی میں دھرما پروڈکشنز کے دفتر کا دورہ کیا۔...
Source: Admin