ہوٹل کے مالک سنجے سنوڈیا نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج ان کے ہوٹل میں ریکارڈ کی گئی ہے، بتایا کہ ایک مخبر کی اطلاع پر پولیس ایڈیشنل ایس پی دیپک مشرا کے ہمراہ موقع پر پہنچی تھی۔ پوچھ گچھ کے دوران خاتون، جو ویڈیو میں نظر نہیں آرہی ہیں، یہ کہتے ہوئے سنی جا سکتی ہیں کہ وہ دونوں بالغ ہیں، ان کا تعلق ایک ہی ذات سے ہے اور انہوں نے شادی کرنے کے ارادے کا بھی ذکر کیا۔
دھمکی آمیز لہجے میں جواب دیتے ہوئے پولیس افسر کو مرد اور خاتون دونوں سے یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے اپنے گھر والوں کو فون کریں۔ جب جوڑے نے ان کے مطالبے پر عمل نہیں کیا، تو مشرا نے ایک پولیس اہلکار کو ہدایت دی کہ "تھوڑا گانجہ لاؤ، ان کے بیگ میں رکھو اور انہیں جھوٹے مقدمے میں پھنسا دو، ایک بار جیل جائیں گے تو انہیں سبق مل جائے گا۔" پولیس افسر کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، "جاؤ، اس شخص کے بیگ میں تھوڑا گانجہ رکھو اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرو، تاکہ اسے جیل کی ہوا کھانے کا مزہ چکھایا جا سکے۔"
ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے میں یہ پورا واقعہ قید ہو گیا اور اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔ سنوڈیا نے تھانہ انچارج (ایس ایچ او) ستیش تیواری، ایس ڈی او پی چنچلیش مرکم اور ٹریفک انسپکٹر وجے تیواری پر بھی اپنے ہوٹل سے ماہانہ 25,000 روپے طلب کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ہوٹل مالک نے دعویٰ کیا کہ یہ افسران انہیں ہوٹل چلانے کی 'اجازت' دینے کے عوض رقم بٹور رہے تھے۔
انہوں نے ان میں سے ہر ایک کو 10,000 روپے ادا بھی کیے تھے۔ ان الزامات کے بعد سیونی کے ایس پی کرشن لال چندانی نے تیواری کو پولیس لائنز بھیج دیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سیونی: پولیس گردی کے ایک واقعے میں مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی میں ایک سینئر پولیس افسر کو ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ایک غیر شادی شدہ جوڑے کو منشیات کے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دیتے...