راہل گاندھی کا دعویٰ، والد راجیو گاندھی کی سیکیورٹی جان بوجھ کر واپس لی گئی تھی: ’اس کے پیچھے ایک ارادہ تھا‘
1989 میں وی پی سنگھ حکومت نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی ایس پی جی سیکیورٹی واپس لے لی تھی۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ ”پاپا کی سیکیورٹی واپس لینے کے پیچھے ایک خاص ارادہ تھا۔“ ان کا اشارہ اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی سیکیورٹی واپس لینے کے فیصلے کی جانب تھا۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں یہ الزام لگایا۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنی والدہ سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ سونیا گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب Belonging: A Journey of Love کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں سونیا گاندھی نے یاد کیا کہ قائد حزب اختلاف رہتے ہوئے راجیو گاندھی کھلی جیپ میں سفر کرتے تھے اور انہیں احتجاج اور پتھراو¿ کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا، ”وہ کافی خوفناک دورہ تھا۔“راہل گاندھی بھی بہار کے اس دورے میں اپنے والد کے ساتھ تھے۔ سونیا گاندھی کے مطابق اسی دورے کے بعد ان کی تشویش کافی بڑھ گئی تھی۔
انہوں نے بتایا، ”جب راہل گھر واپس آئے تو انہوں نے مجھ سے کہا، ماما، اگر ہم نے پاپا کی سیکیورٹی کے لیے کچھ نہیں کیا تو مجھے معلوم ہے کہ میں بہت جلد ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے واپس آو¿ں گا۔“سونیا گاندھی نے مزید کہا، ”پاپا کی سیکیورٹی اس لیے ہٹائی گئی تھی تاکہ انہیں قتل کیا جا سکے۔ ان کی سیکیورٹی واپس لینا محض کوئی اتفاق نہیں تھا۔ یہ جان بوجھ کر کیا گیا تھا تاکہ انہیں قتل کیا جا سکے۔“
اسی پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا، ”منصوبہ تجویز کے مطابق آگے نہیں بڑھا اور نہ ہی میری ساتویں سالگرہ۔ 2004 کے فیصلے سے ہم میں سے کچھ لوگوں کو راحت ملی، جبکہ کچھ دوسرے لوگوں کو خوشی ہوئی۔ پاپا کی سیکیورٹی واپس لینے کے پیچھے ایک ارادہ تھا۔ اور 500 سے زیادہ صفحات لکھنے کے باوجود بھی ماں نے اپنی کتاب میں کچھ باتیں شامل نہیں کی ہیں۔“انہوں نے بتایا کہ وہ اور پرینکا اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھ کر ان پرانی یادوں کے بارے میں بات کر رہے تھے۔
راہل گاندھی نے مزید لکھا، ”ان یادوں کو دوبارہ تازہ کرنے سے اس وقت کی خوشیاں، ہنسی اور درد سب کچھ پھر سے یاد آ گیا۔ ماں کا سفر، جسے انہوں نے اپنی کتاب Belonging میں بیان کیا ہے، بے پناہ محبت اور انتہائی دردناک سانحات سے بھرا رہا ہے۔ انہوں نے ان تمام حالات کا سامنا وقار اور حوصلے کے ساتھ کیا ہے۔“
واضح رہے کہ راجیو گاندھی 21 مئی 1991 کو چنئی کے قریب سری پیرمبدور میں ایک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ 1989 میں وی پی سنگھ حکومت نے سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم راجیو گاندھی کی اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) سیکیورٹی واپس لے لی تھی۔
راجیو گاندھی کے قتل کے بعد 1991 میں ایس پی جی ایکٹ میں ترمیم کی گئی، جس کے تحت سابق وزرائے اعظم اور ان کے اہل خانہ کو 10 سال تک سیکیورٹی فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا۔2019 میں مرکز کی نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کی ایس پی جی سیکیورٹی بھی واپس لے لی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ گاندھی خاندان کو کوئی براہ راست خطرہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ان پر بار بار سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔
1989 میں وی پی سنگھ حکومت نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی ایس پی جی سیکیورٹی واپس لے لی تھی۔...
Source: Admin