Meta Pixel
Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata Delhi Ranchi Lucknow Bhopal Srinagar Siliguri Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS

International

پاکستان نے کابل فضائی حملے پر ایمنسٹی کے الزامات رد کر دیے، ’حملہ اپنے دفاع میں تھا‘

پاکستان نے کابل فضائی حملے پر ایمنسٹی کے الزامات رد کر دیے، ’حملہ اپنے دفاع میں تھا‘

پاکستان نے بین الاقوامی حقوقِ انسانی کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں افغان دارالحکومت کابل کے ایک منشیات بحالی مرکز پر رواں برس مارچ میں کیے گئے فضائی حملے کو ’جنگی جرم‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے ایمنسٹی کے الزامات کو بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان دعوؤں کو مکمل طور پر رد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ اتنے سنگین الزامات بغیر کسی معتبر ثبوت کے عائد کیے گئے۔‘ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بدھ کو جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ 16 مارچ کو کابل کے ’امید‘ ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر پر ہونے والے حملے کے حوالے سے پاکستان کے ان دعوؤں کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ یہ عمارت فوجی مقاصد یا اسلحہ و بارود کے ذخیرے کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔ حقوقِ انسانی کی تنظیم کے مطابق انہوں نے 60 سے زائد تصاویر اور ویڈیوز، جن میں پاکستانی فوج کی جاری کردہ فوٹیج بھی شامل ہے، کا تجزیہ کیا۔ اس کے علاوہ 30 سے زائد سیٹلائٹ تصاویر کا جائزہ لیا گیا اور عینی شاہدین کے انٹرویوز کیے گئے۔ ایمنسٹی نے بتایا کہ انہوں نے 9 جولائی کو پاکستان کے وزارتِ خارجہ سے رابطہ کر کے تحقیقات کی پیشرفت اور حملے کا جواز فراہم کرنے والے شواہد مانگے تھے تاہم رپورٹ کی اشاعت تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ افغان حکام کے مطابق اس حملے میں قریباً 400 عام شہری ہلاک ہوئے جبکہ اقوامِ متحدہ کے مشن (یوناما) نے مئی میں کم از کم 269 شہریوں کی ہلاکت اور 122 کے زخمی ہونے کی آزادانہ تصدیق کی تھی۔ پاکستانی حکام ان اعداد و شمار کو غلط قرار دیتے ہوئے موقف اپنائے ہوئے ہیں کہ کارروائی صرف جائز اور معتبر عسکری ٹھکانوں پر کی گئی تھی۔

Source: Admin

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Popular in International

Related Articles

Discussion

Comment
Your View

We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!

Post your comment

0 Comments

No comments