غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے امریکی کوششیں بدستور جاری ہیں۔ دوسری جانب آج صبح غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں 11 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حملے میں غزہ کے علاقے جبالیہ النزلہ کے علاوہ جنوبی شہروں خان یونس اور رفح کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں واقع جبالیا پر شدید فضائی حملے کیے، جو نئے انخلا کے احکامات کے ساتھ ہوئے۔ ان احکامات میں جبالیا، العطاطره، الزیتون، الشجاعیہ اور الدرج جیسے علاقوں سے انخلا شامل ہے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی "وفا" کے مطابق، جبالیہ النزلہ میں ایک گھر پر اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں کم از کم سات فلسطینی جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔ مزید یہ کہ خان یونس کے مغرب میں دو خیموں پر بم باری کی گئی جن میں بے گھر افراد مقیم تھے، اس کے نتیجے میں تین فلسطینی جاں بحق ہوئے جنھیں ناصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ، رفح کے شمال مغرب میں اسرائیلی فوج کی گولیوں سے ایک فلسطینی جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق، علاقے کی فضاؤں میں جنگی طیاروں کی شدید سرگرمی دیکھی گئی اور روشنی والے بم برسائے گئے، جب کہ اسرائیلی فوج اُن مقامات کو بھی نشانہ بنا رہی ہے جو انخلا کے احکامات میں شامل نہیں۔ جمعرات کو اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی کئی آبادیوں کے شہریوں سے فوری انخلا کا مطالبہ کیا۔ فوج کے ترجمان افيخائی ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر عربی زبان میں ایک پیغام میں لکھا کہ "اسرائیلی فوج ان علاقوں میں اپنی حملہ آور کارروائیاں وسیع کرے گی"۔ جمعرات کی رات گئے پوسٹ ہونے والے بیان میں مزید لکھا گیا کہ یہ علاقے اب "لڑائی کے زون" قرار دیے جا چکے ہیں، اور "باشندوں کو کئی بار خبردار کیا جا چکا ہے"۔ انھیں مغرب کی جانب انخلا کا کہا گیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ایک نقشہ بھی جاری کیا گیا جس میں حملے کے علاقوں اور انخلا کی سمتوں کی نشان دہی کی گئی تھی۔ اسرائیلی فوجی کارروائیاں سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اچانک حملے کے بعد سے غزہ میں مسلسل جاری ہیں۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق اب تک 54 ہزار 249 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ اقوام متحدہ ان اعداد و شمار کو معتبر تسلیم کرتی ہے۔
Source: social media
غزہ میں فلسطینیوں کے لیے امداد کی تقسیم بنی موت کا جال، اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں کم از کم 31 فلسطینی جاں بحق، 170 زخمی
غزہ: فریڈم فلوٹیلا گروپ کی کشتی غزہ سفر کے لیے تیار، گریٹا تھنبرگ بھی سوار
نائجیریا: شدید بارش اور سیلاب سے 151 افراد ہلاک، 3 ہزار بے گھر
نیپال میں راج شاہی کے حق میں مظاہرہ، سابق وزیر داخلہ کمل تھاپا سمیت کئی گرفتار
امریکہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کے لیے ہونے والی ریلی پر حملہ، چھ افراد زخمی
مسجد نبوی میں پندرہ دن کے دوران تین ہزار 360 ٹن زمزم کا استعمال
غزہ میں بچوں کا قتل عام، برطانوی صحافی پیئرز مورگن نے اسرائیلی سفیر کو لاجواب کردیا
امریکی وفاقی اپیل کورٹ نے عارضی طور پر ٹرمپ کے زیادہ تر محصولات کو بحال کر دیا
مجھے کہا گیا تین سال کے لیے پیچھے ہٹ جاؤں، پوری قوم ملک گیر احتجاج کے لیے تیار رہے: عمران خان
جرمنی نے یوکرین کو میزائل دیے تو۔۔ روس کا بڑا اعلان