National

جھارکھنڈ: گریڈیہہ میں ہولی جلوس کے دوران جھڑپ، دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، کئی زخمی

جھارکھنڈ: گریڈیہہ میں ہولی جلوس کے دوران جھڑپ، دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، کئی زخمی

گریڈیہہ: جھارکھنڈ کے گریڈیہہ ضلع میں ہولی جلوس کے دوران فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو فریقوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق، پتھراؤ کے تبادلے میں کئی افراد زخمی ہو گئے، جبکہ مشتعل ہجوم نے متعدد دکانوں اور گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس کے مطابق، یہ واقعہ گریڈیہہ کے گھوڑتھمبا علاقے میں پیش آیا، جہاں ہولی کے جلوس کے گزرنے پر کسی بات پر کہا سنی ہوئی، جس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ موقع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ بحث و تکرار کے بعد معاملہ سنگین ہو گیا اور دونوں طرف سے پتھراؤ شروع ہو گیا۔ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ڈاکٹر بمل نے بتایا، ’’ہولی کے دوران دو فرقوں میں تصادم ہوا۔ ہم واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں اور کسی کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی ہے، تاہم کچھ گاڑیوں کو آگ لگائی گئی ہے۔‘‘ پولیس نے فوری طور پر علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی اور حالات کو کنٹرول میں لینے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے۔ اس حوالے سے ضلع کی ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سمیتا کماری نے کہا، ’’ہولی کے دوران کچھ شرپسند عناصر نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی لیکن اب حالات قابو میں ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، کچھ گاڑیوں کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ معاملے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے تاکہ اصل وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔‘‘ پولیس نے علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر فلیگ مارچ بھی کیا اور لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ مقامی انتظامیہ نے کہا کہ جو بھی قصوروار پایا جائے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments