Activities

فرحت احساس کی کلیات ’مجھ کو مری یاد آ رہی ہے‘ (اردو/دیوناگری )  کی پُروقار رسمِ اجرا

فرحت احساس کی کلیات ’مجھ کو مری یاد آ رہی ہے‘ (اردو/دیوناگری ) کی پُروقار رسمِ اجرا

نئی دہلی، 26 دسمبر: معروف شاعر، دانشور اورمفکر فرحت احساس کی تازہ تصنیف ’مجھ کو مری یاد آ رہی ہے‘ کی رسمِ اجرا 25 دسمبر 2025 کو ان کے یومِ ولادت کے موقع پر امبیسڈر ہوٹل، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ اس خوشگوار موقع پر اہلِ قلم، دانش وروں، ممتاز ادبی شخصیات اور ادب دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز شام 6 بجے مہمانوں کی آمد اور ضیافت سے ہوا، جبکہ باقاعدہ پروگرام کا آغاز شام 7 بجے شاعر اور ناظمِ تقریب چراغ شرما کے خیر مقدمی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے فرحت احساس کی ادبی خدمات اور فکری قدروقیمت کا جامع تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر فرحت احساس کی شاعری اور شخصیت پرمبنی ایک خصوصی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی، جسے حاضرین نے بے حد توجہ اور تحسین کے ساتھ دیکھا۔ کتاب کی باضابطہ رسمِ اجرا کے مرحلے میں فرحت احساس کے ہمراہ ریختہ فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی اور کریئیٹو ڈائریکٹر ہما خلیل،ریختہ فاؤنڈیشن کے بانی سنجیو صراف، معروف فکشن رائٹر خالد جاوید، اسما سلیم اور منیش شکلا اسٹیج پر موجود رہے، جہاں کتاب کی رونمائی عمل میں آئی۔ بعد ازاں منعقدہ اسپیکرز سیشن میں بینش خان، مقدسہ سلیم، اسما سلیم، خورشید اکرم اور خالد جاوید(بیسویں صدی فرحت احساس کے نام سے جانی جائے گی) نے فرحت احساس کی شاعری، ان کے فکری تنوع اور ادبی مقام پر سیر حاصل گفتگو کی اور انہیں عہدِ حاضر کی ایک منفرد، توانا اور بااثر تخلیقی آواز قرار دیا۔ تقریب کے اختتامی مرحلے میں فرحت احساس نے حاضرین سے خطاب کیا اور اپنی منتخب شاعری سنائی، جسے سامعین نے گہری توجہ اور بھرپور داد کے ساتھ سنا۔ آخر میں سنجیو صراف نے اظہارِ تشکر پیش کیا اور فرحت احساس کے ساتھ اپنے دوستانہ مراسم کے حوالے سے گفتگو فرمائی۔ کلیات کے حوالے سے انہوں نے کہا: فرحت احساس کی کلیات 'مجھکو مری یاد آرہی ہے' اردو کے باب میں عظیم اضافہ ہے۔ یہ تقریب نہ صرف فرحت احساس کے یومِ ولادت کی خوشی کا اظہار تھی بلکہ اردو زبان وادب کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی، امید ہے کہ ان کی کلیات ’مجھ کو مری یاد آ رہی ہے‘ کو ادبی حلقوں میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوگی۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments