بنگلادیش میں 11 سالہ طالبہ سے زیادتی کیس میں مدرسے کے قاری کو سزائے موت سنادی گئی۔
بنگلادیش کے ضلع نیٹروکونا کی عدالت نے طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں مدرسے کے استاد کو سزائے موت سنا دی، جبکہ ایک لاکھ ٹکا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
مجرم امان اللہ محمودی عرف ساگر بدھ کو نیٹروکونا کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں جج عبدالسلام کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے وقت عدالت میں موجود تھا۔
استغاثہ اور وکیلِ صفائی کے دلائل 28 اکتوبر کو مکمل ہونے کے بعد عدالت نے 11 نومبر کو فیصلہ سنانے کی تاریخ مقرر کی تھی۔ سماعت کے دوران ملزم نے اپنی باقی ماندہ 12 ایکڑ زمین کی ملکیت منتقل کرنے کے بدلے بریت کی درخواست بھی کی، تاہم عدالت نے یہ پیشکش مسترد کردی۔
مقدمے کے مطابق نومبر 2025 میں امان اللہ محمودی نے ضلع نیٹروکونا کے علاقے مدن اپازیلا کے گاؤں میں قائم خواتین کے دینی مدرسے میں 11 سالہ طالبہ کو بلایا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزم مدرسے میں استاد اور منتظم کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔
واقعے کے بعد ملزم نے بچی کو دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو اسے قتل کردے گا۔ خوف کے باعث بچی خاموش رہی اور بعدازاں مدرسے جانا بھی چھوڑ دیا۔
کچھ عرصے بعد بچی کے اہل خانہ نے اس کے جسم میں تبدیلیاں محسوس کرکے تشویش ظاہر کی۔ اپریل میں اسے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا، جہاں اس کے حاملہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔
23 اپریل کو متاثرہ بچی کی والدہ نے مدن تھانے میں مقدمہ درج کروایا، جس میں مدرسے کے استاد اور اس کے بھائی مامون میاں کو نامزد کیا گیا، واقعے پر ملک بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، 6 مئی کو مرکزی ملزم ساگر کو میمن سنگھ کے علاقے گوری پور اپازیلا سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے تفتیش کے لیے اس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔
2 جولائی کو متاثرہ بچی نے سلہٹ کے ایم اے جی عثمانی میڈیکل کالج اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا۔ عدالت کے حکم پر کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کی ٹیم نے نومولود اور ملزم کے ڈی این اے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کے لیے ڈھاکا بھیجے۔
ڈی این اے رپورٹ میں نومولود بچی اور ملزم مدرسے کے استاد کے نمونوں میں مطابقت کی تصدیق ہوئی۔
رپورٹ موصول ہونے کے بعد مقدمے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر اخترالزمان نے 27 اگست کو عدالت میں چالان جمع کروایا، جس میں امان اللہ محمودی اور اس کے بھائی مامون میاں کو ملزم نامزد کیا گیا۔
بنگلادیش میں 11 سالہ طالبہ سے زیادتی کیس میں مدرسے کے قاری کو سزائے موت سنادی گئی۔...
Source: Admin