ممبئی انڈینس کی جیت کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اس ٹیم کی شروعات بے حد خراب رہی تھی، لیکن اب لگاتار 6 میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں اول مقام پر پہنچ گئی ہے۔ آج راجستھان رائلس کے خلاف ممبئی انڈینس نے کمال کا کھیل دکھایا اور اسے 100 رنوں سے شکست فاش دی۔ ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 217 رن بنائے تھے۔ جواب میں راجستھان کی ٹیم ہدف حاصل کرنا تو چھوڑیے، 20 اوورس بھی نہیں کھیل پائی۔ ممبئی کی زبردست بلے بازی کے بعد اس کی گیندبازی بھی لاجواب رہی۔ ممبئی انڈینس نے راجستھان رائلس کے خلاف ٹاس ضرور گنوایا، لیکن اس کے بعد اس نے کھیل کے ہر محاذ پر اس ٹیم کو شکست دی۔ ممبئی کو پہلے بلے بازی کی دعوت ملی اور روہت و رکلٹن نے طوفانی انداز اختیار کر لیا۔ دونوں ہی کھلاڑیوں نے پہلے وکٹ کے لیے 116 رنوں کی شراکت داری کی۔ ریکلٹن نے محض 38 گیندوں میں 61 رن بنائے، جبکہ روہت نے 36 گیندوں میں 53 رنوں کا تعاون کیا۔ سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا نے 23-23 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 48-48 رن بنائے۔ ADVERTISEMENT راجستھان رائلس کو امید تھی کہ وہ گجرات ٹائٹنس کے خلاف کی گئی بلے بازی کا مظاہرہ ایک بار پھر کرے گی، لیکن اس کی امیدوں پر بولٹ اور بمراہ نے پانی پھیر دیا۔ سب سے پہلے دیپک چاہر نے ویبھو سوریہ ونشی کو صفر پر پویلین بھیج دیا، اور پھر اس کے بعد بولٹ نے یشسوی اور نتیش رانا کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد بمراہ نے اپنا کمال دکھاتے ہوئے راجستھان کے کپتان ریان پراگ کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ اگلی ہی گیند پر شمرن ہٹمائر کو بھی انھوں نے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ پاور پلے میں ہی راجستھان رائلس نے 5 وکٹ گنوا دیے تھے اور اس کے بعد بھی اس کی مشکلات کم نہیں ہوئیں۔ ہاردک پانڈیا نے شبھم دوبے کو آؤٹ کر راجستھان کی آخری امید بھی ختم کر دی۔ رہی سہی کسر لیگ اسپنر کرن شرما نے پوری کر دی۔ انھوں نے دھرو جوریل کو 11 رنوں کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ انھوں نے مہیش تیکشنا اور کمار کارتیکے کا بھی وکٹ لیا۔ آخر میں بولٹ نے آرچر کو آؤٹ کر راجستھان کی اننگ کو 117 رنوں تک محدود کر دیا۔ ممبئی سے اس شرمناک شکست کے بعد راجستھان کی ٹیم آئی پی ایل 2025 میں پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ چنئی کے بعد راجستھان پلے آف سے باہر ہونے والی دوسری ٹیم بنی ہے۔
Source: social media
گجرات ٹائٹنز نے سن رائزرز حیدرآباد کو 38 رنز سے شکست دی، ابھیشیک کی اننگز رائیگاں گئی
مہدی حسن میراز کی آل راؤنڈ کارکردگی، بنگلہ دیش نے زمبابوے کو اننگز اور 106 رنز سے شکست دے دی
پنجاب کنگز نے چنئی کو اس کے گھر میں چار وکٹ سے شکست دی
ڈیٹنگ خبروں کے بیچ چہل کی ہیٹرک! آر جے مہوش کا ردعمل وائرل
آئی پی ایل 2025: چنئی کے بعد راجستھان بھی پلے آف کی دوڑ سے باہر، ممبئی نے 100 رنوں سے دی شکست فاش
بنگلور نے سنسنی خيز میچ جیت کر پلے آف کی طرف قدم بڑھایا