Sports

بنگلور نے سنسنی خيز میچ جیت کر پلے آف کی طرف قدم بڑھایا

بنگلور نے سنسنی خيز میچ جیت کر پلے آف کی طرف قدم بڑھایا

بنگلور، 3 مئی : انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے انتہائی سنسنی خيز میچ میں، رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) نے ہفتہ کے روز چنئی سپر کنگس (سی ایس کے) کو دو رنز سے شکست دے کر 16 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف میں اپنی جگہ تقریباً طے کر لی۔ چننا سوامی اسٹیڈیم میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آر سی بی نے پانچ وکٹ پر 213 رنز بنائے جس کے جواب میں چنئی مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ پر 211 رنز ہی بنا سکی۔ بنگلور کے لیے، جیکب بیتھل (55) اور ویراٹ کوہلی (62) کے بعد، روماریو شیفرڈ (14 گیندوں پر 53 ناٹ آؤٹ، 4 چوکے اور 6 چھکے) نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور چنئی سپر کنگس (سی ایس کے) کے لیے مشکل ہدف کھڑا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ جواب میں، آیوش مہاترے (94) اور رویندر جڈیجہ (77 ناٹ آؤٹ) نے مطلوبہ رن ریٹ کے آس پاس رہتے ہوئے شاندار بلے بازی کی۔ قسمت نے بھی اس کام میں ان کا ساتھ دیا کیونکہ بنگلور کے فیلڈروں نے چار آسان کیچ چھوڑے۔ چنئی کو آخری اوور میں جیت کے لیے 15 رن درکار تھے لیکن یش دیال کی نظم و ضبط والی گیند بازی کے سبب چنئی کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آخری اوور میں، شیوم دوبے (8) نے یش کے ذریعے پھینکے گئے نو بال پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو کھیل میں واپس لایا تھا، لیکن دیال نے آخری دو گیندوں پر صرف سنگلز کی اجازت دے کر چنئی سے میچ چھین لیا۔ 17 سالہ مہاترے آئی پی ایل کے ذریعے ہندوستان کی کامیاب دریافت ثابت ہوئے۔ مہاترے نے 48 گیندوں میں نو چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ دوسرے سرے پر جڈیجہ نے بھی آج ہاتھ کھولے لیکن چنئی کو شکست سے نہ بچا سکے۔ اس سے قبل بیتھل اور کوہلی نے بنگلور کو شاندار آغاز فراہم کیا تھا۔ کوہلی اور بیتھل کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلور کا مڈل آرڈر چنئی کے گیند بازوں کے دباؤ میں آ گیا۔ ان نازک لمحات میں شیفرڈ طوفان کی طرح ابھرا۔ اننگز کے 19ویں اوور میں شیفرڈ نے خلیل احمد کی گیند پر چار چھکے اور دو چوکے لگا کر میدان کو گرما دیا۔

Source: social Media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments