International

یورپ کونسل نے ایپسٹین تحقیقات پر سابق سربراہ کا سفارتی استثنیٰ ختم کر دیا

یورپ کونسل نے ایپسٹین تحقیقات پر سابق سربراہ کا سفارتی استثنیٰ ختم کر دیا

یورپ کے انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگران ادارے کونسل آف یورپ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس نے اپنے سابق نارویجن سیکریٹری جنرل کا سفارتی استثنیٰ ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے جس سے پولیس کو ان کے جیفری ایپسٹین سے روابط کی تحقیقات کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اعلیٰ شخصیات کے جرائم کی تحقیقات کرنے والی ناروے کی پولیس نے بدعنوانی کے شبے میں سابق وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اور نوبل امن انعام کمیٹی کے سابق سربراہ توربیان یگلان سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دو ہزار نو سے 2019 تک کونسل آف یورپ کے سیکریٹری جنرل یگلان کی تحقیقات کا فیصلہ ان معلومات کی بنا پر کیا گیا جن کا ایپسٹین سے متعلق نئی جاری کردہ فائلز میں انکشاف ہوا ہے۔ یگلان کے وکیل اینڈرس بروسویٹ نے کہا کہ ان کا استثنیٰ ختم کرنے کا فیصلہ توقع کے مطابق تھا اور وہ تمام معاملات واضح کرنے کے لیے تحقیقات میں تعاون کریں گے۔ بروسویٹ نے ایک بیان میں کہا، "وہ اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں لیکن اس خیال پر زور دینا چاہتے ہیں کہ حالات ایسے نہیں ہیں کہ ان پر کسی جرم کی ذمہ داری عائد کی جائے۔" پولیس کی تحقیقات کے لیے یگلان کا استثنیٰ ختم کرنا ضروری تھا اور ناروے کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اس نے کونسل آف یورپ کی کمیٹی آف منسٹرز کے 46 ممالک سے ایسا ہی کرنے کو کہا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ یگلان پر کسی جرم کا الزام نہیں لگایا گیا ہے لیکن یہ پتہ لگانے کے لیے تفتیش کی جائے گی کہ آیا ان کے عہدے سے منسلک تحائف، سفر اور قرضے وصول کیے گئے یا نہیں۔ ناروے کی پولیس نے آٹھ فروری کو کونسل کو ایک خط میں کہا، "اگر یگلان نے رشوت لی تو انہوں نے کونسل آف یورپ کے منتخب سیکریٹری جنرل کے طور پر اپنے عہدے سے منسلک خصوصی اعتماد کی خلاف ورزی کی۔" امریکہ میں نئی فائلز کے اجراء سے ایپسٹین کے یورپ اور امریکہ کے سیاستدانوں، شاہی خاندانوں اور انتہائی امیر لوگوں کے ساتھ روابط کا انکشاف ہوا ہے۔ فائلز میں دیگر باتوں کے ساتھ یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ یگلان اور ایپسٹین کے معاونین نے 2014 میں یگلان، ان کی بیوی، دو بچوں اور ان کے بیٹے کی گرل فرینڈ کے لیے پام بیچ اور کیریبین جزیرے پر ایپسٹین سے ملنے کا تفصیلی منصوبہ بنایا تھا۔ کونسل کے اس وقت کے سیکریٹری جنرل یگلان نے ایپسٹین کے نجی جزیرے کا دورہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے 2014 میں ایک ای میل میں اوسلو میں ایک اپارٹمنٹ کی مالی اعانت میں ایپسٹین سے مدد مانگی۔ دو ہزار اٹھارہ کی ای میلز سے ظاہر ہوا کہ ایپسٹین نے یگلان سے کہا کہ وہ اس کی روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کا بندوبست کریں۔ یگلان نے لاوروف کے اسسٹنٹ سے بات کرنے کا وعدہ کیا۔ ناروے کی پولیس نے پیر کے روز کہا کہ وہ ایپسٹین سے منسلک بدعنوانی کی ایک اور تحقیقات میں دو اعلیٰ سطحی سفارت کاروں سے بھی تفتیش کر رہے تھے جبکہ ملک کی ولی عہد شہزادی نے بدنامِ زمانہ جنسی مجرم ایپسٹین سے اپنی دوستی پر بار بار معافی مانگی ہے۔ ناروے کی پارلیمانی نگران کمیٹی نے منگل کے روز متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ وزارتِ خارجہ کے ایپسٹین سے روابط کے بارے میں ایک غیر معمولی بیرونی انکوائری مقرر کی جائے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments