نیو ٹاون کے نرسنگ ہوم میں توڑ پھوڑ، مریضوں کو باہر نکال کر بلڈر نے جڑ دیا تالا!
نیو ٹاو¿ن کے جاتراگاچھی علاقے میں واقع ایک نجی اسپتال میں توڑ پھوڑ اور حملے کا الزام مقامی بلڈر اور اس کے ساتھیوں پر عائد کیا گیا ہے۔ اسپتال میں داخل مریضوں کو باہر نکال کر نرسنگ ہوم کے گیٹ پر تالا لگا دیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹروں اور نرسوں کے ساتھ بھی مارپیٹ کی گئی۔ تاہم بلڈر نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ اس کا جوابی دعویٰ ہے کہ اسپتال کی زمین اس کی ملکیت ہے اور کرایے کی مد میں کئی کروڑ روپے بقایا ہیں۔ اس کے علاوہ اسپتال کے لائسنس کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے۔ اس کا الزام ہے کہ اسپتال میں غیر قانونی طور پر مریضوں کو داخل کیا جا رہا تھا۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا الزام ہے کہ زمین کے تنازعے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ اس زمین کو لے کر فی الحال عدالت میں مقدمہ بھی زیر سماعت ہے۔ منگل کی رات آتشیں اسلحے سے لیس شرپسندوں کا ایک گروہ نرسنگ ہوم میں داخل ہوا اور وہاں توڑ پھوڑ و ہنگامہ آرائی کی۔ اس وقت اسپتال میں 9 مریض داخل تھے، جن میں سے دو آئی سی یو میں تھے۔ الزام ہے کہ مریضوں کو اسپتال سے باہر نکال دیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹروں اور نرسوں کے ساتھ بھی مارپیٹ کرکے انہیں وہاں سے بھگا دیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا مزید الزام ہے کہ اس واقعے کے پیچھے مقامی بلڈر سنجیو بسواس کا ہاتھ ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ان کے حکمراں جماعت سے بھی روابط ہیں۔ تاہم انتظامیہ کے افراد نے پورے معاملے پر کیمرے کے سامنے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے پہلے ہی نیو ٹاو¿ن تھانے میں تحریری شکایت درج کرا دی ہے۔
دوسری جانب، واقعے سے دو دن پہلے سنجیو بسواس نے دعویٰ کیا تھا کہ جس زمین پر اسپتال قائم ہے، وہ ان کی ملکیت ہے۔ ان کے مطابق کرایے کی مد میں کئی کروڑ روپے بقایا ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سنگین الزام عائد کیا تھا کہ اسپتال غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا ہے۔ زمین کا تنازعہ، عدالت میں زیر سماعت مقدمہ اور اسی دوران اسپتال پر حملے کے الزامات نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ اب پورے معاملے کی تحقیقات میں پولیس کے کردار پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
نیو ٹاون کے نرسنگ ہوم میں توڑ پھوڑ، مریضوں کو باہر نکال کر بلڈر نے جڑ دیا تالا!...
Source: Admin