ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ملک کو درپیش شدید معاشی دباؤ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تہران پر امریکہ کی مسلسل پابندیوں اور دباؤ کے تناظر میں اس کے اثرات عسکری جنگ سے کہیں زیادہ شدید ہیں۔
تہران میں آج ہفتے کے روز کیپٹل مارکیٹ کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پزشکیان نے کہا کہ ایران ایک "خاموش معاشی جنگ" لڑ رہا ہے۔ اسے انہوں نے اس جنگ سے کہیں زیادہ مشکل قرار دیا جس میں میزائل استعمال ہوتے ہیں اور تنصیبات کو تباہ کیا جاتا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر نے اپنے ملک کو درپیش اس محاذ آرائی کو "غیر مساوی اور غیر منصفانہ" قرار دیتے ہوئے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ بیرونی دباؤ کا ہدف ملک کی معاشی استحکام کی صلاحیت ہے۔
پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران کے مخالفین اشیا کی شدید قلت اور منڈیوں میں وسیع پیمانے پر بد امنی کی توقع کر رہے تھے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل حالات کے باوجود پیداوار کا پہیہ چلتا رہا۔ اس موقع پر انہوں نے معاشی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے میں صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہا۔
توانائی کے بحران میں شدت کا اعتراف کرتے ہوئے پزشکیان نے کہا کہ ایران کو پہلے ہی توانائی کی پیداوار اور کھپت کے درمیان عدم توازن کا سامنا تھا، جس کے بعد گیس پیدا کرنے والی تنصیبات پر حملوں نے ان کی صلاحیت کو کم کر دیا اور بحران کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا۔
ایرانی صدر نے موسم سرما کے دوران گیس اور بجلی کی فراہمی میں اضافی مشکلات کا سامنا کرنے کے امکان سے خبردار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت پیداواری شعبوں کو رسد کی معطلی سے بچانے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
انھوں نے واضح کیا کہ توانائی کی قلت کی صورت میں توانائی کے استعمال پر پابندیاں سب سے آخر میں کارخانوں پر عائد کی جائیں گی۔ انھوں اس بات کی نشاندہی کی کہ پیداوار کو معطل کرنے کے بجائے سرکاری اداروں کو سب سے پہلے کٹوتیوں کا بوجھ برداشت کرنا چاہیے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ملک کو درپیش شدید معاشی دباؤ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تہران پر امریکہ کی مسلسل پابندیوں اور دباؤ کے تناظر میں اس کے اثرات عسکری جنگ سے کہیں زیادہ...
Source: Admin