بھائی دوج کی تھالی نہیں سجی، اترکاشی میں لاپتہ رتن کی واپسی کے انتظار میں بہن لکشمی پریا
لکڑی کے چولہے پر چاول کی ہانڈی چڑھی ہوئی ہے۔ آگ کی آنچ پر ماں بیدانا دیوی کھانا پکا رہی ہیں۔ ان کے پاس بیٹھی بیٹی لکشمی پریا سبزیاں کاٹ رہی ہے۔ چہرہ مرجھایا ہوا ہے۔ چہرے پر تہوار کی کوئی رونق نہیں۔ گھر کے ایک کونے میں بھائی باپن گھوش بیٹھے ہیں۔ بکھرے ہوئے بال اور ہاتھ میں موبائل فون۔ وہ بار بار انٹرنیٹ کھول کر برف سے ڈھکے پہاڑوں کی خبریں تلاش کر رہے ہیں۔ کیا کوئی خبر آئی؟ کیا کہیں رتن کا سراغ ملا؟ موبائل کی اسکرین پر نظریں جمی ہیں، لیکن ذہن بہت دور کیدار تال میں اٹکا ہوا ہے۔
آج بھائی دوج ہے، لیکن گھر میں تہوار کی کوئی تیاری نہیں۔ نہ ٹیکہ لگانے کی تھالی سجی ہے اور نہ ہی مٹھائی کھلانے کی کوئی رونق ہے۔ اتراکھنڈ کے اترکاشی میں سیر کے لیے گئے رتن گھوش اب بھی لاپتہ ہیں۔ ان کے ساتھیوں کی لاشیں پہلے ہی برآمد کی جا چکی ہیں۔ بانکوڑہ کے اچوری گرام پنچایت کے شالبنی گاو¿ں میں واقع گھوش خاندان کے لیے اس بار بھائی دوج کا مطلب صرف انتظار اور خالی پن رہ گیا ہے۔
بچپن سے ہی بھائی دوج کا دن لکشمی پریا کے لیے خاص رہا ہے۔ وہ اپنے دونوں بھائیوں باپن اور رتن کو ایک ساتھ بٹھا کر ٹیکہ لگاتی تھیں۔ چندن کا ٹیکہ، دھان اور دربھا گھاس، مٹھائی کھلانا، بھائیوں کے ساتھ ہنسی مذاق میں دن گزر جاتا تھا۔ گزشتہ سال بھی بھائی دوج کے موقع پر رتن ان کے ساتھ موجود تھے۔ بھائی کے لیے تحفہ خریدنا اور بہن کے ہاتھوں ٹیکہ لگوانا، یہ سب معمول کا حصہ تھا۔ لیکن اس بار یہ روایت ٹوٹ گئی ہے۔
لکشمی پریا نے کہا، ”میں ہر سال اس دن کا انتظار کرتی تھی۔ دونوں بھائیوں کو ایک ساتھ بٹھا کر ٹیکہ لگاتی تھی۔ رتن مجھ سے بہت محبت کرتا ہے۔ گزشتہ سال بھی ہم نے کتنی خوشی منائی تھی۔ اس بار بھائی کے ماتھے پر ٹیکہ نہیں لگا سکی۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہے اور کس حال میں ہے! بس یہی چاہتی ہوں کہ وہ واپس آ جائے۔“
دوسری جانب ماں بیدانا دیوی کے لیے اب گھر کے کام کاج محض ایک عادت بن کر رہ گئے ہیں۔ لکڑی کے چولہے پر چاول کی ہانڈی چڑھاتے ہوئے انہیں بار بار بیٹے کی یاد آتی ہے۔ آج کے دن بھی بیٹے کی پسند کا کھانا پکانے کے لیے ان کا دل آمادہ نہیں ہو رہا، لیکن کھانا تو بنانا ہی پڑتا ہے۔ آخر گھر کا نظام تو نہیں رک سکتا۔ تاہم ماں کا دل اب بھی برف سے ڈھکے ان پہاڑوں میں اٹکا ہوا ہے۔
بیدانا دیوی نے کہا، ”بھائی دوج کے دن میرے بیٹے گھر پر رہیں گے اور بیٹی کے ہاتھوں ٹیکہ لگوائیں گے، بس یہی خواہش تھی۔ کتنے دن گزر گئے، رتن کا چہرہ نہیں دیکھ پائی ہوں۔ کبھی موبائل کی طرف دیکھتی ہوں تو کبھی دروازے کی طرف۔ بھگوان سے بس ایک ہی دعا ہے کہ میرے بیٹے کو واپس لوٹا دو۔“
بھائی باپن بھی موبائل کی اسکرین پر نظریں جمائے اپنے بڑے بھائی کی خبر تلاش کر رہے ہیں۔ کبھی انٹرنیٹ پر کیدار تال کی خبریں دیکھتے ہیں تو کبھی امدادی کارروائیوں سے متعلق تازہ معلومات تلاش کرتے ہیں۔ ہر نئی خبر میں رتن کا نام ڈھونڈتے ہیں، لیکن کوئی بھی خبر ان کے انتظار کو ختم نہیں کر پا رہی ہے۔
گاو¿ں کے دوسرے گھروں میں جہاں بھائی دوج کے موقع پر مٹھائیاں بانٹی جا رہی ہیں، ہنسی خوشی کا ماحول ہے، وہیں شالبنی کے اس گھر میں لکڑی کے چولہے کی آگ تو جل رہی ہے، لیکن تہوار کی رونق بجھ چکی ہے۔ بہن کے ہاتھوں میں ٹیکے کی تھالی نہیں ہے۔ ماں کی آنکھیں بیٹے کی واپسی کی منتظر ہیں اور بھائی کے ہاتھ میں موبائل فون ہے۔ انٹرنیٹ کی اسکرین پر بس ایک ہی تلاش جاری ہے، رتن کہاں ہے؟
بھائی دوج کی تھالی نہیں سجی، اترکاشی میں لاپتہ رتن کی واپسی کے انتظار میں بہن لکشمی پریا...
Source: Admin