National

پونے میں شہید سیاحوں کو اشکبار وداع، شرد پوار تعزیت کے لیے پہنچے

پونے میں شہید سیاحوں کو اشکبار وداع، شرد پوار تعزیت کے لیے پہنچے

ممبئی ، 24 اپریل : جموں و کشمیر کے پہلگام علاقے میں منگل کو ہونے والے دل دہلا دینے والے دہشت گردانہ حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت نے ملک کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔ بیسران کی حسین وادی میں پولیس اہلکاروں کا روپ دھارے دہشت گردوں نے سیاحوں پر حملہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر ان سے ان کے نام اور مذہب دریافت کیے اور بعد ازاں اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ اس خونی واقعے میں مہاراشٹر کے چھ سیاح لقمہ اجل بنے، جن میں پونے شہر کے دو باشندے، سنتوش جگدلے اور کوستوبھ گنبوٹے بھی شامل تھے۔ ان کی لاشیں جمعرات کی صبح پونے ایئرپورٹ پہنچائی گئیں، جہاں سے انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔ جیسے ہی شہدا کی میتیں ان کے گھروں کو پہنچیں، پونے کی فضا سوگ میں ڈوب گئی۔ بڑی تعداد میں شہری ان کے آخری دیدار کے لیے جمع ہوئے۔ غمزدہ ماحول میں ہر آنکھ نم تھی اور لوگوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر متعدد سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ شرد پوار نے کاروینگر میں جگدلے خاندان سے ملاقات کی۔ ان کی آمد پر اہل خانہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔ شرد پوار نے متاثرین کو دلاسہ دیا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments