National

پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد سیاحوں کی وادی سے واپسی، ہوٹلوں اور ٹور آپریٹروں کی بکنگ منسوخ

پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد سیاحوں کی وادی سے واپسی، ہوٹلوں اور ٹور آپریٹروں کی بکنگ منسوخ

سری نگر،23اپریل: پہلگام میں پیش آئے ہولناک دہشت گردانہ حملے کے بعد وادی کشمیر میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں ملکی و غیر ملکی سیاح وادی چھوڑ کر واپس جا رہے ہیں۔ سیاحت سے وابستہ کاروباری حلقوں کے مطابق تمام ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، ہاؤس بوٹس اور ٹریول ایجنسیوں کو آنے والے دنوں کی تقریباً تمام بکنگز منسوخ ہو چکی ہیں۔ جموں و کشمیر ہوٹل ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’’پہلگام واقعے نے وادی کی سیاحتی صنعت کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اگلے دو ہفتوں کے دوران ہونے والی تقریباً 80 فیصد بکنگز منسوخ ہو چکی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف ہوٹل مالکان بلکہ ٹیکسی ڈرائیوروں، شاپ کیپرز، ہاٹ فوڈ وینڈرز، کشتی بانوں اور دیگر ہزاروں لوگوں کی روزی روٹی پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ منگل کے روز بیسرن، پہلگام میں ہوئے حملے کے بعد، جس میں 26 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، سری نگر ائیرپورٹ پر غیر معمولی رش دیکھنے کو ملا۔ دہلی، ممبئی، کولکتہ اور دیگر شہروں کے لیے فلائٹس میں سیاحوں کی قطاریں لگی رہیں۔ کئی خاندان بغیر سفر مکمل کیے ہی وادی چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔ ایک سیاح اشوک یادو، جو اپنی فیملی کے ساتھ دہلی سے آیا تھا، نے کہا:’’ہم پہلگام جانے والے تھے لیکن حملے کی خبر سنتے ہی اپنا پروگرام منسوخ کیا اور واپسی کی فلائٹ بک کر لی۔ بچوں کے ساتھ خطرہ نہیں لے سکتے۔‘‘ ذرائع نے بتایا کہ بڑی تعداد میں سیاحوں نے بکنک منسوخ کی ہیں۔ "یہاں تک کہ مئی اور جون کی ایڈوانس بکنگز بھی منسوخ کی جا رہی ہیں، جس سے کروڑوں روپے کے نقصانات کا اندیشہ ہے" ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حالات پر فوری طور پر قابو نہ پایا گیا تو وادی میں سیاحت کا شعبہ ایک بار پھر 90 کی دہائی کی مانند گراوٹ کا شکار ہو سکتا ہے۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments