International

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ٹو کیس میں 17، 17 سال قید کی سزا

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ٹو کیس میں 17، 17 سال قید کی سزا

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ایک عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ تحریک انصاف نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنا کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ فیصلہ انصاف پر مبنی ہے۔ سنیچر کے روز سپیشل جج سینٹرل شاہ رُخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کے اپنے فیصلے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 10 ، 10 سال قید کی سزا سنائی اور عدالت نے تعزایرتِ پاکستان کی دفعہ 409 کے تحت دونوں کو سات، سات سال قید علیحدہ سے بھی سنائی ہے۔ عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ اس کیس کا فیصلہ ڈیڑھ ماہ قبل محفوظ کیا گیا تھا اور آج اس مقدمے کا فیصلہ اڈیالہ جیل میں سنایا گیا۔ جب جج فیصلہ سنا رہے تھے تو اس وقت عمران خان اپنی اہلیہ سمیت عدالت میں موجود تھے۔ جیل اہلکار کے مطابق جج نے تین بار عمران خان کو ڈائس پر آنے کو کہا مگر سابق وزیر اعظم نے ڈائس پر آنے سے انکار کر دیا۔ جیل اہلکار کے مطابق جب جج فیصلہ سنا رہے تھے تو عمران خان بشری بی بی سے گفتگو کر رہے تھے۔ اہلکار کے مطابق جج جب فیصلہ سنا کر چلے گئے تو عمران خان نے پوچھا کہ کیا فیصلہ سنایا گیا ہے، جب عمران خان کو 17 برس کی سزا کا بتایا تو وہ یہ سن کر مسکرا دیے۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر الزامات یہ ہیں کہ انھوں نے سنہ2021 میں دورۂ سعودی عرب کے دوران حاصل شدہ بلگاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا۔ عدالت میں جمع کروائی گئی تفصیلات کے مطابق یہ بلگاری جیولری سیٹ وزیر اعظم کی اہلیہ کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بلگاری سیٹ میں ایک عدد بریسلٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس بھی شامل تھا۔ سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا ہوا تھا۔ بریسلٹ میں بھی گلابی ہیرے اور دیگر جواہرات جڑے تھے اور نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور ہیرے لگے ہوئے تھے۔ ان پر یہ بھی الزام ہے انھوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ فرم سے جیولری سیٹ کی قیمت 58 لاکھ روپے لگوائی اور 29 لاکھ روپے ادا کیے۔ عدالت میں جمع کروائے گئے دفتر خارجہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے سے حاصل شدہ ریکارڈ کے مطابق بلگاری سیٹ کی اصل قیمت سات کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments